ثقلین مشتاق کی بیٹی نے والد کا میک اپ کردیا، ویڈیو وائرل

  • April 8, 2020, 12:10 am
  • Sports News
  • 211 Views

کراچی: کورونا وائرس کی وجہ سے ملک میں جاری لاک ڈاؤن کی وجہ سے تقریباً تمام لوگ گھر میں بند ہوکر رہ گئے ہیں۔ مشہور شخصیات اس صورتحال میں شائقین کو محظوظ کرنے کے لیے گھروں سے اپنی دلچسپ سرگرمیوں کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کررہی ہیں۔

سابق کرکٹر ثقلین مشتاق بھی گھر میں موجود ہیں اورانہوں نے سوشل میڈیا پر انتہائی دلچسپ ویڈیو شیئر کی ہے جس میں ان کا حلیہ ہی بدلا ہوا نظر آرہا ہے۔ ثقلین مشتاق کے چہرے پر میک اپ لگاہوا ہے اور سر پر سرخ بالوں کی وگ بھی موجود ہے۔

سابق کرکٹر نے اپنی اس حالت کی ذمہ داراپنی بیٹی کو قرار دیتے ہوئے کہا ہم اس وقت قرنطینہ میں ہیں اور میرا یہ حلیہ اس میک اپ آرٹسٹ نے کیا ہے۔ میں اپنی یہ ویڈیو ٹوئٹر پر شیئر کررہاہوں امید ہے آپ کو پسند آئے گی۔ ثقلین مشتاق نے کہا کہ اس نے مجھے زبردستی کہا کہ میرے ساتھ کھیلنا چاہتی ہے اور اب میرا میک اپ کرکے بہت خوش ہے۔

ویڈیو کے آخر میں سابق کرکٹر نے تمام لوگوں کو گھر میں رہنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا محفوظ رہیں، خوبصورت نظر آئیں اور اپنے پیاروں کی کمپنی سے لطف اندوز ہوں۔