پاکستان میں اس وقت کورونا کے 12 ہزار کیسز موجود ہیں

  • April 8, 2020, 11:38 pm
  • COVID-19
  • 199 Views

چیئرمین سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ٹاسک فورس ڈاکٹر عطاء الرحمن نے دعویٰ کیا ہے کہ اس وقت ملک بھر میں کورونا وائرس کے 12 ہزار کیسز موجود ہیں ۔ عطاءالرحمان کا کہنا ہے کہ 4ہزار کیسز تو وہ ہیں جو تصدیق شدہ ہیں تاہم اس کے علاوہ 20 ہزار افراد کورونا وائرس کے مشتبہ مریض ہیں ، ان میں سے آدھے سے زیادہ افراد کورونا میں مبتلا ہو سکتے ہیں۔
عطاء الرحمان کا کہنا ہے کہ ایک اندازے کے مطابق پاکستان میں 12 ہزار سے زائد کسیز موجود ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے کیسز ہر ہفتے دو گنا ہو رہے ہیں ۔، اگر ہم سماجی فاصلے کو ترجح دیتے ہیں تو یہ 50 ہزار سے 70 ہزارتک جائے گا تاہم اگر ایک دوسرے سے میل جول رہا تو یہ تعداد ایک لاکھ سے زائد ہو جائے گی۔
ملک میں مکمل لاک ڈاؤن بھی نہیں کیا جا سکتا اس لئے سلیکٹو لاک ڈاؤن کرنا ہوگا۔

واضح رہے اس سے قبل بھی عطاء الرحمان کیسز کی تعداد ایک لاکھ تک جانے کا خدشہ ظاہر کر چکے ہیں۔ پاکستان کےمعروف سائنسدان ڈاکٹر عطاالرحمان نےایک نجی ٹی وی چینل میں بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہمارے ملک میں کورونا وائرس ٹیسٹنگ صلاحیت کی کمی ہے،جب تک ہم ٹیسٹنگ صلاحیت نہیں بڑھائیں گے، اس وقت تک ہمیں کنفرم تعداد معلوم نہیں ہوسکتی۔
مزید بات کرتے ہوئےان کا کہنا تھا کہ بغیر ٹیسٹنگ کے ہم آگے نہیں چل سکتے کیونکہ جب تک ہمیں متاثرہ افراد کی تعداد کا اندازہ نہیں ہو گا، ہم کسی قسم کے اقدامات نہیں کر سکتے۔ ڈاکٹر عطاالرحمان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں تربیت یافتہ عملے کی بھی ضرورت ہے، ہمیں اس سے کورونا وائرس سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔ یاد رہے کہ پوری دنیا کی طرح اس وقت پاکستان کو بھی کورونا وائرس کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔