کینیڈا سے اسلام آباد آنے والے 25 مسافروں میں کورونا وائرس کی تصدیق

  • April 8, 2020, 11:42 pm
  • COVID-19
  • 145 Views

کینیڈا کے شہر ٹورنٹو سے اسلام آباد آنے والے 25 مسافروں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔تفصیلات کے مطابق ٹورنٹو سے اسلام آباد پہنچنے والے 25 مسافروں میں کورونا ٹیسٹ رپورٹ مثبت آ گئی جس کے بعد سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر مسافروں کو سروسز فراہم کرنے والے ملازمین کا بھی ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس حوالے سے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے سینئر جوائنٹ ڈائریکٹر میڈیکل ڈاکٹر اعجاز احمد کی جانب سے مراسلہ تحریر کردیا گیا ہے۔مراسلہ میں ڈیوٹی ٹرمینل مینجر حق نواز سمیت 26 ملازمین کا کورونا ٹیسٹ کرانے کی سفارش کی ہے۔ان تمام ملازمین نے مسافروں کو سروس فراہم کی تھی۔اس سے پہلے ٹورنٹو سے وطن واپس آنے والے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کے 2 پائلٹس میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔
دونوں متاثرہ پائلٹس کو لاہور کے نجی اسپتال میں منتقل کیا گیا۔۔پی آئی اے کا یہ عملہ ٹورنٹو سے پرواز لے کر وطن واپس پہنچا تھا۔عملے میں کرونا وائرس کی کچھ علامات سامنے آئی تھی۔ محکمہ صحت کی جانب سے سے پی آئی اے کے دو پائلٹس اور عملے کے دیگر ارکان کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے تھے۔دونوں پائلٹس کا کورونا ٹیسٹ پازیٹو آنے کے بعد لاہور کے نجی اسپتال میں منتقل کر دیا گیا جہاں ان کی حالت بہتر ہے۔
جبکہ عملے کے باقی تین ارکان کو بھی الگ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔قبل ازیں ٹورنٹو اور استنبول سے اسلام آباد آنے والے کئی مسافروں کے کورونا ٹیسٹ پازیٹو آنے کا انکشاف ہوا تھا۔ایئرپورٹ ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ300سے زائد مسافر گزشتہ روز پی آئی اے کی خصوصی پرواز ٹورنٹو اور استنبول سے اسلام آباد پہنچے تھے۔ایئرپورٹ ذرائع نے بتایا کہ اسلام آباد پہنچے والے مسافروں کو ایئرپورٹ سے ہوٹل لے جایا گیا تھا جہاں ان کے ٹیسٹ ہوئے جس میں ذرائع نے دعویٰ کیا کہ 25 مسافروں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔
اتنی بڑی تعداد میں مسافروں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ہیلتھ ملازمین کا ٹیسٹ اور امیگریشن، اے ایس ایف اور سی ایاے سمیت دیگر فرنٹ لائن پر کام کرنے والے دیگر ملازمین کا بھی کورونا ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔