قرنطینہ میں 14روز گزار کر آنے والے زائرین کے دوبارہ میڈیکل ٹیسٹ کرنے پر 56 افراد کی رپورٹس پازیٹو آ گئیں

  • April 10, 2020, 11:42 am
  • COVID-19
  • 188 Views

ملتان کے قرنطینہ سینٹر میں 14دن گزار گوجرانوالہ آنے والے 121 زائرین کے دوبارہ میڈیکل ٹیسٹ کرنے پر 56 افراد کے ٹیسٹ پازیٹو آ گئے، تمام افراد کو ڈی ایچ کیو اسپتال میں دوبارہ قرنطینہ کردیا گیا


قرنطینہ میں 14روز گزار کر آنے والے زائرین کے دوبارہ میڈیکل ٹیسٹ کرنے پر 56 افراد کی کورونا رپورٹس پازیٹو آ گئیں۔ تفصیلات کے مطابق ایران سے آنے واے 121زائرین کو ملتان کے قرنطینہ سینٹر میں رکھا گیا تھا اور 14روز بعد ان کے ٹیسٹ کیئے جو کہ نیگیٹو آئے جس کے بعد تمام 121افراد کو انکے آبائی شہر گوجرانوالہ بھیج دیا گیا۔
گوجرانوالہ آنے پر انتظامیہ نے انکے ٹیسٹ کیے تو 121میں سے 56افراد کے ٹیسٹ پازیٹو نکل آئے۔ ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ سہیل اشرف کا کہنا ہے کہ ایران سے آنے والے گوجرانوالہ کے مکین121 مسافروں کو 14 روز ملتان کے قرنطینہ میں رکھے جانے کے بعد تین روز پہلے گوجرانوالہ بھجوایا گیا تھا۔ سہیل اشرف کا کہنا تھا کہ تمام متاثرہ افراد کو ڈی ایچ کیو اسپتال کے الگ تھلگ وارڈ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں ابھی تک کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 4400 سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ 64 افراد ابھی تک کورونا وائرس کا شکار ہو کر جاں بحق ہو گئے ہیں۔ جہاں ایک طرف کیسز کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے، وہاں ہی کورونا وائرس سے مریضوں کی صحت یابی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ ابھی تک پاکستان میں 500 سے زائد افراد کورونا وائرس کی وجہ سے صحت یاب ہو گئے ہیں۔
دوسری جانب معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ رواں ماہ کے آخر تک کورونا کے 50 ہزار کیسز ہوسکتے ہیں، حکومت اس تعداد کو مدنظر رکھ کر حکمت عملی بنا رہی ہے، فی الحال پاکستان میں کورونا کے کیسز ہمارے اندازوں سے کم ہیں۔ انہوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں بتایا کہ کلوروکوئن کی برآمد پر پابندی ہٹانے کا معاملہ میرے علم نہیں ہے، لاک ڈاؤن سے متعلق روزانہ کی بنیاد پر حکمت عملی بنا رہے ہیں۔