پاکستان میں رمضان کا چاند جمعہ 24 اپریل کو نظرآئے گا

  • April 10, 2020, 12:24 pm
  • National News
  • 226 Views

کراچی: پاکستان سمیت دنیا کے ان بیشتر ممالک جہاں رمضان سمیت نئے قمری ماہ کا آغاز رویت ہلال visibility of moon کی بنیاد پر ہوتا ہے وہاں رمضان المبارک کا چاندجمعہ 24 اپریل بمطابق 30 شعبان المعظم کو نظر آئے گا اور پاکستان سمیت ان متعلقہ ممالک میں پہلا روزہ ہفتہ 25 اپریل کو ہوگا جبکہ پوری دنیا میں چاند کی پیدائش جمعرات 23 اپریل کی صبح ہوگی۔

اس روز پاکستان میں 29ویں شعبان ہوگی اس حوالے سے پاکستان کے ممتاز سائنسدان اور جامعہ کراچی کے انسٹیٹیوٹ آف پلانیٹری اینڈ ایسٹرو فزکس کے سابق ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر شاہد قریشی نے “ایکسپریس” کو دنیا میں رمضان کے چاند کی پیدائش اور اس کی رویت کے امکانات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ رمضان کا چاند اس سال جمعرات 23 اپریل 2020 کو پاکستان کے وقت کے مطابق صبح 7 بج کر 25 منٹ پر پیدا ہو گا واضح رہے کہ اس روز پاکستان میں 29 ویں شعبان ہوگی انھوں نے بتایا کہ اسی روز 23 اپریل کی شام یہ چاند دنیا میں کسی مقام سے نہیں دیکھا جا سکتا کراچی میں اس شام جمعرات کو غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر صرف 11 گھنٹے اور 32 منٹ ہوگی اور افق سے بلندی صرف 5 ڈگری سے بھی کم ہو گی۔

اور کراچی کے افق پر23 اپریل بمطابق 29 ویں شعبان المعظم کو یہ چاند غروب آفتاب کے بعد 18 منٹ سے بھی کم وقت تک افق پر رہے گا افق پر 5 ڈگری بلندی کے ساتھ محض 18 منٹ تک چاند کی موجودگی کے سبب اسے دوربین سے بھی نہیں دیکھاجاسکتا واضح رہے کہ افق پر 8 ڈگری سے کم پر چاند کی رویت کے امکانات ختم ہوجاتے ہیں جبکہ 8 ڈگری پر بھی چاند کی رویت کے امکانات انتہائی محدود ہوتے ہیں علاوہ ازیں ڈاکٹر شاہد قریشی کے مطابق جمعہ 24 اپریل کی شام رمضان کا چاند پوری دنیا سے دیکھا جا سکتا ہے ۔