کورونا سے صحافی کے انتقال پر اہلِ خانہ کو 10 لاکھ دیں گے: فیاض چوہان

  • April 10, 2020, 3:52 pm
  • COVID-19
  • 173 Views

وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ کسی صحافی کا کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں انتقال ہوا تو اس کے اہلِ خانہ کو 10 لاکھ روپے دیں گے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پنجاب کے وزیرِ اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ اپنے ذمے واجب الادا فنڈز جلد جاری کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ایس او پیز بنائے ہیں، میڈیا ہاؤسز اور اخبار مالکان کو کورونا روائرس سے متعلق ایڈوائزری بھیج رہے ہیں۔

وزیرِ اطلاعات پنجاب نے کہا کہ صحافی برادری کے لیے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے اقدامات کر رہے ہیں اور ان کے لیے پیکیج بھی بنا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کوئی صحافی کورونا وائرس سے متاثر ہوا تو ایک لاکھ روپے ریلیف فنڈ دیں گے، میڈیا سے متعلق 16 فیصد صوبائی ٹیکس کی چھوٹ کیلئے سمری وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو دی ہے۔

فیاض الحسن چوہان نے یہ بھی بتایا کہ کورونا وائرس سے انتقال کرنے والے صحافی کی بیوہ کو 10 ہزار روپے ماہانہ پنشن دی جائے گی، اخبار فروشوں کو کل سے حفاظتی سامان مہیا کیا جائے گا۔