سونے کی قیمت نے ملکی تاریخ کے تمام ریکارڈ توڑدیئے

  • April 14, 2020, 10:44 pm
  • Business News
  • 165 Views

سونے کی قیمت نے ملکی تاریخ کے تمام ریکارڈ توڑدیئے، فی تولہ سونا مزید 700 روپے اضافے سے ایک لاکھ 300 روپے کا ہوگیا۔ کراچی صرافہ مارکیٹ کے مطابق ملک میں سونے کی قیمت میں ریکارڈ توڑ اضافہ ہوا ہے اور سونے کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق عالمی اور مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت نے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں پاکستان میں فی تولہ سونا تاریخ کی بلند ترین سطح ایک لاکھ 300 روپے اور فی اونس 1721 ڈالر تک پہنچ گیا ہے، جبکہ دس گرام سونا 600 روپے مہنگا ہوکر 86 ہزار 76 روپے کا ہوگیا ہے۔
ملک بھر میں فی تولہ چاندی 10 روپے مہنگی ہوکر 970 روپے اور دس گرام 8.62 روپے بڑھ کر 831.62 روپے ہوگئی ہے۔ عالمی مارکیٹ میں فی اونس چاندی کے نرخ 0.29 ڈالر اضافے سے 15.55 ڈالر ہوگئے ہیں۔
خیال رہے کہ کرونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں کاروباری سرگرمیاں معطل ہیں، جس کے باعث سونے کی قیمت میں مسلسل اضافے کا رجحان دیکھا جارہا ہے۔ عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں اضافے کا اثر پاکستان کی صرافہ مارکیٹس پر بھی پڑرہا ہے اور سونے کی قیمت میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔

دوسری جانب انٹر بینک میں منگل کو پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں28پیسے کی کمی جب اوپن مارکیٹ میں 30پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز اوپن کرنسی مارکیٹ میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت خرید30پیسے کے اضافے سی166.20روپے سے بڑھ کر166.50روپے اور قیمت فروخت166.70روپے سے بڑھ کر167روپے ہوگئی جبکہ انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت خرید28پیسے کی کمی سے 166.90روپے سے گھٹ کر166.62روپے اور قیمت فروخت167.10روپے سے گھٹ کر166.92روپے ہوگئی دیگر کرنسیوں میں یوروکی قیمت خرید180روپے اور قیمت فروخت182روپے مستحکم رہی جبکہ برطانوی پونڈ کی قیمت خرید200روپے برقرار رہی اور قیمت فروخت202روپے سے بڑھ کر204روپے ہوگئی۔