وفاقی دارالحکومت میں حالات بہتر ہونے لگے، گزشتہ دو روز میں کورونا کا ایک بھی کیس سامنے نہ آیا

  • April 14, 2020, 10:48 pm
  • COVID-19
  • 136 Views

وفاقی دارالحکومت میں حالات بہتر ہونے لگے، گزشتہ دو روز میں کورونا کا ایک بھی کیس سامنے نہ آیا۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفاقت نے بتایا ہے کہ لاک ڈاؤن کے مثبت اثرات سامنے آنے لگے ہیں، گزشتہ 48گھنٹوں کے دوران اسلام آباد میں کورونا کے 300ٹیسٹ کیے گئے، تمام ٹیسٹس نیگیٹو آئے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بیرونِ ممالک سے آنے والے 2ہزار مسافروں کے بھی ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے صرف 37افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے، لاک ڈاؤن کا فائدہ ہوا ہے۔

خیال رہے کہ آج ملک میں 3ہزار 157 ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن میں 342 افراد میں وائرس کی تصدیق ہو ئی ہے جس کے بعد کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 5837 ہو گئی ہے۔
واضح رہے کہ 26فروری کو پاکستان میں کورونا کا پہلا کیس رپورٹ ہوا اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے یہ وائرس ملک بھر میں پھیل گیا۔

اور مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا گیا،اب ملک میں کورونا مریضوں کی تعداد 5ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ ملک میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 5837 تک پہنچ چکی ہے۔ جن میں پنجاب میں 2881، سندھ میں 1،518 ، خیبر پختونخوا میں 800 ، بلوچستان میں 231 ، گلگت بلتستان میں 233 ، اسلام آباد میں 131 ، اور آزاد جموں و کشمیر میں 43 مریض شامل ہیں۔ مہلک وائرس نے ملک میں 96 افراد کی جان لی ہے جبکہ 1،378 کورونا وائرس کے مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔
دوسری جانب کورونا وائرس کے باعث وفاقی کابینہ نے لاک ڈاؤن میں 30 اپریل تک توسیع کردی ہے۔قبل ازیں ملک بھر میں مزید 10 دن کیلئے لاک ڈاؤن میں توسیع کرنے پر قومی رابطہ کمیٹی کا اتفاق ہو ا۔ قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں لاک ڈاؤن کے کی تجویز کو زیر بحث لایا گیا جس کے بعد قومی رابطہ کمیٹی نے مزید 10 روز تک لاک ڈاؤن میں توسیع دینے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا۔