قرضوں میں ریلیف کا معاملہ، وزیراعظم کا جرمن چانسلر انجیلا مرکل سے ٹیلیفونک رابطہ

  • April 14, 2020, 11:50 pm
  • National News
  • 103 Views

غیر ملکی قرضوں میں ریلیف کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان نے جرمن چانسلر انجیلا مرکل سے ٹیلی فونک رابطہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ قرضوں میں ریلیف سے ترقی پذیر ممالک کورونا سے لڑنے کے قابل ہو سکیں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے جرمن چانسلر انجیلا مرکل سے ٹیلیفونک رابطہ میں کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا میں معاشی بحران پیدا ہو چکا ہے۔ ترقی پذیر ممالک کو اس وبا سے زیادہ معاشی نقصان پہنچا۔ ایسے ممالک کو دو طرح کے چیلنجز کا سامنا ہے، ایک طرف کورونا کی صورتحال اور دوسری طرف بھوک کا سامنا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ معاشی وسائل میں کمی اور قرضوں کے باعث ان ممالک کو زیادہ خطرناک صورتحال کا سامنا ہے۔ ترقی پذیر ممالک کو اگر قرضوں میں سہولت ملے تو اس وبا سے نمٹنے کی صلاحیت بڑھ سکتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ امید ہے جرمنی اور اس جیسے ترقی دوسرے ممالک اور یو این سیکرٹری جنرل اس حوالے سے مثبت کردار ادا کریں گے۔ جی 20 کے خزانہ کے وزرا کے اجلاس، عالمی بینک اور آئی ایم ایف بھی اس حوالے سے اپنا کردار ادا کریں۔