مجھے نہیں یقین 25 اپریل کو فورنزک رپورٹ آ جائے گی، وزیر ریلوے شیخ رشید

  • April 14, 2020, 11:54 pm
  • National News
  • 79 Views

وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ فورنزک رپورٹ کے بعد عمران خان کسی کو نہیں چھوڑے گا لیکن میری اطلاعات کے مطابق فورنزک رپورٹ میں دیر ہے۔

دنیا نیوز کے پروگرام ‘’آن دی فرنٹ’’ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ کوئی بھی طبقہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا ذمہ دار نہیں، ڈاکٹر ظفر مرزا کوئی سیاسی شخصیت نہیں ہیں۔ کورونا سے نمٹ لیا تو حکومت سرخرو ہوگی۔ میرا دل کہتا ہے کہ ہم اس وبا سے نمٹ لیں گے۔

ایک اہم سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ چینی کا بحران سٹے بازوں نے پیدا کیا۔ عمران خان نے اعلان جنگ کر دیا ہے۔ اب جہانگیر ترین نے فیصلہ کرنا ہے کہ وہ عمران خان کے ساتھ ہیں یا نہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ سبسڈی دینے کا فیصلہ پنجاب حکومت نے کیا۔ چینی ساری دنیا میں سستی لیکن بہانہ بنا کر سبسڈی اور ذخیرہ اندوزی بھی کرلی۔ پاکستان میں عام آدمی چینی کا کارخانہ نہیں لگا سکتا، اس کے پیچھے سیاست دان ہیں۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ مجھے ڈر ہے کہ کہیں پاکستان میں آٹے کا مسئلہ پیدا نہ ہو جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ اصل فیصلہ یہ ہونا ہے کہ پنجاب حکومت نے سبسڈی کس طرح دی؟ اب گیند عمران خان کے کورٹ میں ہے۔ جہانگیر ترین، عمران خان کے صف اول کے مشیروں میں سے تھے لیکن اب کپتان نے صرف فیلڈنگ تبدیل کی ہے۔