اگلے ہفتے ہزاروں لوگ افغانستان سے پاکستان داخل ہوں گے، فیصل کریم کنڈی

  • April 16, 2020, 10:36 pm
  • COVID-19
  • 194 Views

پیپلزپارٹی کے سینئر مرکزی رہنماء فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ اگلے ہفتے ہزاروں لوگ افغانستان سے پاکستان داخل ہوں گے، حکومت سے اپیل ہے کہ پاکستان میں داخل ہونے والوں کیلئے قرنطینہ کا بندوبست کرے اور سب پاکستانیوں کے ٹیسٹ بھی کیے جائیں۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ہمیں بلاول بھٹو زرداری نے الزام تراشی سے منع کیا ہے۔
پیپلزپارٹی کورونا کی صورتحال پر کوئی سیاست نہیں کرنا چاہتی۔ انہوں نے کہا کہ اگلے ہفتے ہزاروں پاکستانی افغانستان سے پاکستان داخل ہوں گے۔ حکومت سے اپیل ہے کہ جو افغانستان سے پاکستان میں داخل ہو سب کے ٹیسٹ ہوں۔ اسی طرح تمام لوگوں کے لیے قرنطینہ کا بھی بندوبست کیا جائے۔ واضح رہے حکومت نے افغانستان میں پھنسے پاکستانیوں کو رواں ہفتے وطن واپس لانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
وطن واپسی پر مسافروں کو7 دن قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔ وزیراعظم نے کرونا وائرس کے باعث افغانستان میں پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کے معاملے پر چیئرمین سیفران کمیٹی سینیٹر تاج آفریدی کے خط پر ایکشن لیا۔ عمران خان نے طورخم بارڈر پر قرنطینہ سینیٹر کے قیام کے لئے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کر دی۔ معاون خصوصی قومی سلامتی معید یوسف نے سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سیفران کے چیرمین تاج آفریدی کو فون کیا اور کہا طورخم، چمن بارڈر پر پھنسے پاکستانیوں کو جلد وطن واپس لایا جائے گا۔
سنیٹر تاج آفریدی نے کہا کہ بارڈر پار پاکستانی مسافروں اور ڈرائیوروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔خیال رہے گزشتہ روز سنیٹر تاج آفریدی نے وزیراعظم عمران خان سے افغانستان میں پھنسے پاکستانیوں کو واپسی کے لئے خط لکھا تھا، چیرمین سینٹ صادق سنجرانی نے بھی وزیراعظم عمران خان سے طور خم اور چمن بارڈر پر پھنسے پاکستانیوں کو واپسی کی درخواست کی تھی۔