شہدائے زہری ارض پاک کی سلامتی وسب ہلالی پرچم کی سربلندی کیلئے قربانی دیکرامرہوگئے ،نواب ثناء زہری

  • April 16, 2020, 11:51 pm
  • National News
  • 173 Views

شہدائے زہری ارض پاک کی سلامتی وسب ہلالی پرچم کی سربلندی کیلئے قربانی دیکرامرہوگئے ،نواب ثناء زہری
خضدار(نامہ نگار) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماء سابق وزیراعلیٰ بلوچستان چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاہے کہ شہدائے زہری پاک وطن کی سلامتی ، سبز ہلالی پرچم کی سربلندی کے لئے قربانی دیکر ہمیشہ کے لئے امر ہوگئے ۔ ان کی قربانی لازوال اور ہمیشہ یادرکھنے والی ہے ۔شہیدنوابزادہ میر سکندر زہری ، میر مہراللہ زہری ، میر زیب زہری کا مقدس خون اس وطن کی آبیاری میں شامل ہوا اور یہاں امن و سکون کی بہاریں آئیں ۔ جھالاوان کے سنگلاخ پہاڑ ہماری اس قربانی کی گواہی رہتی دنیاء تک دیں گے اورمیں فخر محسوس کرتا ہوں کہ میں ایک بہادر فرزند بھائی اور بھتیجے کا وارث ہوں ۔جب بلوچستان میں حالات ناگفتہ بہ تھے یہاں آگ و خون کی ہولی کھیلی جارہی تھی تو ایسے موقع پر میں اور میرے خاندان کے لوگ اور میرے کارکنان انہی عوام کے درمیان موجود تھے صوبے کے عوام کے غم و خوشی میں برابر اپنا حصہ ڈال رہے تھے ۔ اتنے بڑے نقصان کے باوجود ہمارے نہ ارادے بدلے نہ عزائم میں تزلزل آیا اور نہ ہی ہماری منزل ہم سے بھٹکی جس راہ میں طوفان برپاء تھا ہم اسی طوفان سے نبرد ازماہوئے امن کے متلاشی اس صوبے کے عوام کی خاطر اس سرزمین کی خاطر امن و سکون کی خاطر ، جس مقصد کے لئے ہم نے قربانی دی وہ مقاصد ہمیں حاصل ہوئے اور بلوچستان امن کا مرکز بن گیالوگ دہشت گردی کی آسیب سے باہر نکل آئے یہی ہماری تمنا بھی تھی اور خواہش بھی جو بلوچستان کے عوام کو مل گئی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے شہدائے زہری کی ساتویں برسی کے موقع پراپنے جاری کردہ ایک پیغام میں کیا ۔ شہدائے زہری کی ساتویں برسی کے موقع پر خضدار سمیت صوبہ بھر کے علاقوں میں انفرادی طور پر دعاء کی گئی ، مستحق لوگوں کو صدقہ و خیرات دیئے گئے ۔ اور شہدائے زہری کی قربانیوں کو یاد کیا گیا ۔ سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کی صوبائی رہنمائوں سے بات چیت کے علاوہ ضلع خضدار میں مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر میر عبدالرحمن زہری سے بھی گفتگو ہوئی ۔ میر عبدالرحمن زہری نے نواب ثناء اللہ خان زہری کا پیغام ضلع بھر کے عہدیدار رہنماء و کارکنوں کو پہنچایا۔ سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کا کہنا تھاکہ شہیدنوابزادہ میر سکندر زہری ، شہید میر مہراللہ زہری ، شہید میر زیب زہری کو اس لیئے شہید کیا گیا کہ ہم بلوچستان کے مخدوش حالات میں صوبے میں پاک وطن کا نام و پرچم بلند کرنا چاہ رہے تھے جمہوریت کی سربلندی چاہتے تھے اور یہاں دہشت گردی کا خاتمہ اور دیر پا قیام امن چاہتے اور اس کے لئے جدوجہد کررہے تھے ۔اس لیئے دہشت گردوں کو یہ بات راس نہیں آئی اور انہوںنے میرے فرزند اور عزیزوں کو نشانہ بنایا ۔تاہم اس قربانی کے بعد بھی ہمارے حوصلے نہ پست ہوئے اور نہ ہی ہم نے منزل بھولادیا بلکہ ہم پہلے سے بھی زیادہ مضبوط قوت کے ساتھ میدان میں آئے عوام کی رہنمائی اور سرپرستی کا کردار نبہایا۔ بلوچستان میں دیرپا امن میری اور میرے اتحادیوں کی حکومت کے بدولت آئی صوبے میں عوام کو پرسکون زندگی گزارنے کا موقع میسرآیا ۔اس سے قبل نہ لوگ اپنے گھروں میں محفوظ تھے اور نہ ہی وہ کہیں سفر کرسکتے تھے ۔ کاروبار اور روزگار ٹھپ ہو کر رہ گیا تھا ۔ تاہم ہماری دانشمندانہ پالیسیوں اور دلیرانہ فیصلوں کے باعث بلوچستان ہمیشہ ہمیشہ کے لئے امن کا گہوارہ بن گیا اس اقدام پر ہم فخر محسوس کرتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ آج شہدائے زہری کی ساتویں برستی انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جارہی ہے اور انہیں ان کی قربانیوں پر خراج عقیدت پیش کیا جارہاہے یقینا شہدائے زہری کی قربانیاں لازوال اور ہمارے لیئے مشعل راہ ہیں اور وہ اپنی قربانیوں کی بدولت تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھے جائیںگے ۔