ممکنہ طور پر کورونا وائرس کا اگلا مرکز دنیا میں کس جگہ ہوگا؟ سائنسدانوں نے پریشان کر دینے والی پیشنگوئی کردی

  • April 18, 2020, 9:48 pm
  • COVID-19
  • 370 Views

چین کا شہر ووہان کورونا وائرس کا ابتدائی مرکز تھا جہاں سے یہ موذی وباءپھیلی۔ اس کے بعد اٹلی اور دیگر یورپی ممالک اس کا مرکز بنے اور پھر امریکہ اس سے بری طرح متاثر ہونے والوں میں پہلے نمبر پر آ گیا۔ اب اقوام متحدہ کے ماہرین نے اس کے اگلے ممکنہ مرکز کے حوالے سے پریشان کن پیش گوئی کر دی ہے۔ میل آن لائن کے مطابق اقوام متحدہ کے ماہرین نے پیش گوئی کی ہے کہ کورونا وائرس کا اگلا ممکنہ مرکز افریقہ ہو سکتا ہے اور وہاں یہ وباءاس قدر سنگین صورت اختیارکرے گی کہ خدانخواستہ 3لاکھ سے 33لاکھ تک لوگ لقمہ اجل بن جائیں گے۔

ایک الگ تحقیق میں سائنسدان اس خدشے کا اظہار کر چکے ہیں کہ جون کے مہینے تک براعظم افریقہ پر 9کروڑ 84لاکھ لوگ کورونا وائرس سے متاثر ہو سکتے ہیں۔ اس تحقیق میں سائنسدانوں کا شرح اموات کے متعلق کہنا تھا کہ اس کا انحصار سماجی میل جول میں فاصلے کی پابندی پر عمل اور ہیلتھ کیئر کی سہولتوں پر ہو گا۔ اگر یہ دونوں پہلو بہتر نہ ہوئے تو اموات لاکھوں میں ہو سکتی ہیں۔ماہرین کے مطابق افریقہ میں ان ممالک میں وائرس زیادہ تیزی سے پھیلنے کا خطرہ ہے جہاں شہری آبادیاں زیادہ ہیں یا جہاں نظام صحت ناقص ہے۔واضح رہے کہ براعظم افریقہ میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 14فروری کو مصر میں سامنے آیا تھا اور اب تک تمام افریقی ممالک میں 18ہزار سے زائد کیس سامنے آ چکے ہیں اور 1ہزار سے زائد اموات ہو چکی ہیں۔