حکومت کی کوشش ہے کہ لوگوں کو بے روزگار ہونے سے بچایا جائے ،قاسم سوری

  • April 20, 2020, 12:13 am
  • National News
  • 130 Views

حکومت کی کوشش ہے کہ لوگوں کو بے روزگار ہونے سے بچایا جائے ،قاسم سوری
کوئٹہ(ویب ڈٰسک)ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی کوشش ہے کہ لوگوں کو بے روزگار ہونے سے بچایا جائے اس لئے مرحلہ وار مختلف شعبوں کو کام کرنے کی اجازت دی جارہی ہے ،مشکل کی گھڑی میں احساس پروگرام کے ذریعے غریب اور مستحق افراد میں فی کس 12ہزار روپے تقسیم کئے جارہے ہیں اور میں نے اپنی مدد آپ کے تحت اپنے حلقہ انتخاب میں غریب افراد میں راشن اور رقم تقسیم کی ہے اورآج اسی سلسلے میں ضرورت مند صحافیوں کی مدد کیلئے پریس کلب آیا ہوں،این ڈی ایم اے کی جانب سے سی130جہاز کئی مرتبہ سامان لیکر کوئٹہ آیا ہے جو پی ڈی ایم اے کے حوالے کیا گیا ہے یہ بات انہوں نے اتوار کو کوئٹہ پریس کلب میں صحافیوں میں راشن اورامدادی رقوم کے چیک تقسیم کرنے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہی اس موقع پرکوئٹہ پریس کلب کے صدر رضا الرحمن بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کیلئے آج مشکل وقت ہے کورونا وائرس نے پوری دنیا کو متاثر کیا ہے جس سے ہزاروں افراد جاں بحق اورلاکھوں کی تعداد میںمتاثر ہیں وفاقی حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے لاک ڈاون کیاشہریوں سے بھی اپیل ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیارکریں اور بلا ضرورت گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان میں لوکل سطح پر کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے کیلئے حکومت کے ساتھ ساتھ عوام کو بھی احتیاط کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں لاک ڈاون کے باعث غریب ، دیہاڑی دار اور روزانہ اجرت پر کام کرنے والے افراد بری طرح متاثر ہوئے ہیں حکومت نے انکی مالی مدد کیلئے احساس پروگرام کے تحت غریب اور مستحق افراد میں 12ہزار رپے تقسیم کرنے کا عمل شروع کیا ہے جس سے ابتک لاکھوں افراد مستفید ہوچکے ہیں۔قاسم سوری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے مرحلہ وار لاک ڈاون میں نرمی کرنے کا فیصلہ کیا ہے تعمیراتی شعبے کو ٹیکس میں چھوٹ دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اوروفاقی حکومت کی کوشش ہے کہ لوگوں کو بے روزگار ہونے سے بچا جائے اس لئے وفاقی حکومت نے مرحلہ وار مختلف شعبوں کو کھولنے کی اجازت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاون کی وجہ سے صحافی برادری بھی متاثر ہوئی ہے ہم صحافیوں کی بھرپور امداد کریں گی۔ ایک سوال کے جواب میں قاسم سوری نے کہا کہ وفاق سے این ڈی ایم اے کی جانب سے سی 130جہازامدادی سامان لیکر کوئٹہ آیا ہے جسے پی ڈی ایم اے کے حوالے کیا گیا ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے صحافیوں میں راشن اور امدادی رقوم کے چیک بھی تقسیم کئے۔