امریکی تاریخ میں پہلی بار خام تیل کی قیمت منفی ہوگئی

  • April 21, 2020, 12:10 am
  • Business News
  • 141 Views

واشنگٹن: امریکا میں خام تیل کی مارکیٹ کریش کرگئی اور امریکی تاریخ میں پہلی بار خام تیل کی فی بیرل (158 لیٹر) قیمت صفر سے بھی کم ہوکر منفی میں چلی گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کورونا وائرس کے باعث جہاں دنیا بھر کی معیشتیں بدحالی کا شکار ہورہی ہیں وہیں عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو شدید جھٹکا لگا ہے، امریکی خام تیل کی قیمت چند گھنٹوں میں مسلسل کم ہوتی رہی اور 1 اعشاریہ 25 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی جو امریکی تاریخ میں چار دہائیوں کی کم ترین سطح ہے بعدازاں یہ کم قیمت مزید کم ہوئی اور بعدازاں صفر سے بھی کم ہوکر منفی میں چلی گئی اور ڈبلیو ٹی آئی خام تیل کی 0.05 ڈالر ہوگئی۔

تیل کی قیمتوں میں اس بدترین مندی کے بعد امریکا میں تیل کی خریداری کے لیے ہونے والے مئی کے معاہدے بند ہوگئے اور امریکی تیل کمپنیاں بند ہونے کے قریب پہنچ گئیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ خام تیل ذخیرہ کرنے کی گنجائش تیزی سے ختم ہورہی ہے جس کے باعث امریکا میں خام تیل کی قیمت 4 دہائیوں کی کم ترین سطح پر آگئی ہے اور پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا امکان ہے، اگر ایسا ہوتا ہے تو رمضان میں پھل، سبزیاں اور دیگر اجناس کی قیمتیں کم ہوسکتی ہیں کیوں کہ ان پر ٹرانسپورٹیشن کی لاگت کم ہوجائے گی۔