بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کارروائی ‘مصالحہ فیکٹری سیل ودیگر کو جرمانہ

  • April 21, 2020, 12:31 pm
  • National News
  • 244 Views


کوئٹہ(خ ن)بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں سرکی روڈ ،ڈبل روڈ ،ہدہ اور جوائنٹ روڈ میں کارروائی کرتے ہوئے ایک مصالحہ بنانے والی فیکٹری کو سیل جبکہ نو میٹ شاپس سمیت ایک ٹکی ٹافی( پلمیٹ )کی فیکٹری پر جرمانہ عائد کر دیا ۔مصالحہ فیکٹری کے خلاف صفائی کی ابتر صورتحال ،یونٹ میں گندگی و حفظان صحت کے اصولوں کے برخلاف پروڈکشن، گوشت کی دکانوں میں گزشتہ ہدایات کے باوجود گندے ماحول میں گوشت کی فروخت ،نامناسب اسٹوریج و دکانوں میں گندگی جبکہ ٹکی ٹافی (پلمیٹ) فیکٹری میں پروڈکشن کی تیاری میں غیر معیاری اجزاء کے استعمال، زنگ آلود مشینری اور ملازمین کی ذاتی صفائی نہ ہونے پر کارروائی کی گئی۔مزید برآں بلوچستان فوڈ اتھارٹی حکام نے مذکورہ علاقوں میں قائم مشروبات و مختلف جوسز فروخت کرنے والے ہول سیل ٹریڈرز و ڈسٹربیوٹرز کے مراکز کا بھی جائزہ لیا اور ان مراکز سے مختلف مشروبات کے نمونے حاصل کرکے لیبارٹری ٹیسٹ کیلئے بھجوا دیئے گئے ، فوڈ سیفٹی ٹیم نے معائنے کے دوران ایک اور پلمیٹ کارخانہ سمیت متعدد میٹ شاپس کو اصلاحی نوٹسز جاری کئے جبکہ مراکز مالکان و عملے کو معیاری خوراک کی تیاری وفروخت یقینی بنانے اور صفائی کے انتظامات بہتر کرنے کی ہدایت کی ،فوڈ اتھارٹی حکام نےاس ضمن میں انہیں آگاہی فراہم کرتے ہوئے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے وضع کردہ خصوصی ہدایت نامے بھی جاری کیے ۔