مفتی منیب یا پوپلزئی ؟ خیبرپختونخوا کے عوام کس کے اعلان پرروزہ رکھیں گے

  • April 23, 2020, 3:40 pm
  • National News
  • 318 Views

معروف عالم دین پوپلزئی اور مفتی منیب نے الگ الگ چاند دیکھنے کی ٹھان لی ، ماضی میں بھی دونوں الگ چاند دیکھ کر ماہ رمضان کا اعلان کرتے رہے ہیں ،تا ہم پوپلزئی کی جانب سے وفاق سے اختلاف کرکے الگ چاند دیکھنا کوئی نیا واقع نہیں ہے ۔ چاند اور ملک ایک ہونے کے باوجود خیبرپختونخوا اور دیگرصوبوں میں عید اور رمضان کے آغاز میں ایک روز کا فرق آتا رہا ہے۔
مگر اس تمام معاملے میں عوام کیا سوچ رہے ہیں ؟ عوام کا جھکاؤ کس جانب ہے اس بات اہمیت اختیار کرگئی ہے ۔ شہریوں سے جب سوال کیا گیا کہ وہ مفتی منیب اور پوپلزئی میں سے کس کے چاند کے اعلان پر روزہ رکھیں گے تو عوام کا ردعمل ملا جلا تھا ۔ کچھ افراد نے وفاق کا ساتھ دیا جبکہ کچھ پوپلزئی کے اعلان کے ساتھ روزہ رکھنے کے حامی تھے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بعض لوگوں کا کہنا تھا کہ ہم مسجد قاسم علی خان کے اعلان کے ساتھ عید اور روزہ رکھتے ہیں جب وہ اعلان کریں گے تو ہم روزہ رکھتے ہیں چونکہ ہمارے اکثر رشتہ دار پشاور میں رہتے ہیں اور وہ مسجد قاسم علی خان کے اعلان کے ساتھ چلتے ہیں تو ہم ان کے ساتھ روزہ رکھیں گے ۔

جبکہ دیگر افراد کا کہنا تھاکہ ہم وفاق کے ساتھ روزہ رکھیں گے جب وفاق اعلان کرے گا تو ہمارا روزہ ہوگا ، ایک شہری نے کہا کہ وفاق کے پاس چاند دیکھنے کے آلات بھی ہیں اور وہ ذمہ دار بھی ہے۔

جبکہ دوسری جانب رویت ہلال ریسرچ کونسل نے یکم رمضان 25 اپریل بروز ہفتہ کو ہونے کا دعویٰ کردیا تھا ۔ سیکرٹری جنرل خالد اعجاز مفتی کا کہنا تھا کہ اس بار شعبان المعظم کے30 دن مکمل ہوں گے، جبکہ جمعرات کی شام کو چاند دکھائی دینے کا کوئی امکان نہیں۔ انہوں نے رمضان المبارک کے چاند دیکھنے سے متعلق ماہرین فلکیات اور وفاقی وزیرسائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے دعوے کی تصدیق کی ہے کہ جمعرات 23 اپریل کو چاند نظر آنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔