کورونا وائرس کے باعث پاکستان ریلوے کو 5 ارب سے زائد کا نقصان

  • April 23, 2020, 3:43 pm
  • Business News
  • 133 Views

کورونا وائرس نے پاکستان ریلوے کو بھی شدید مالی بحران سے دوچار کردیا ہے اور اب تک 5 ارب سے زائد کا نقصان ہوچکا ہے۔

ذرائع کے مطابق ٹرین آپریشن کی معطلی سے پاکستان ریلوے کو 5 ارب 26 کروڑ کا نقصان ہوا ہے، مسافر ٹرینوں کی بندش سے ریلوے کو 3 ارب 20 کروڑ کا نقصان ہواجب کہ مال بردار گاڑیوں کی بندش سے ریلوے کو2 ارب 10کروڑ سے زائد کا نقصان پہنچا ہے، ٹرین آپریشن کی معطلی سے پاکستان ریلوے کو یومیہ ساڑھے 15 کروڑ کا نقصان ہو رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹرین آپریشن معطلی سے ملک بھر میں 69 لاکھ مسافر متاثر ہوئے، مارچ میں پاکستان ریلوے کے 12 لاکھ مسافر آف لوڈ ہوئے جب کہ 22 مارچ سے ٹرین آپریشن معطلی سے57 لاکھ مسافر متاثر ہوئے، ٹرین آپریشن معطلی سے ایک ماہ میں پاکستان ریلوے کو 4 ارب 76 کروڑ کا نقصان ہوا جب کہ مارچ کے ابتدائی 3 ہفتوں میں مسافر آف لوڈنگ سے ریلوے کو 50 کروڑ کا نقصان برداشت کرنا پڑا ہے۔