عمران خان کی زیر قیادت پاکستان بھی جلد کرونا کی وبا پر قابو پالے گا، چینی سفیر

  • April 26, 2020, 12:43 am
  • COVID-19
  • 132 Views

اسلام آباد: پاکستان میں تعینات چینی سفیر نے امید ظاہر کی ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی زیرقیادت پاکستان بھی جلد کرونا وائرس کی وبا پر قابو پالے گا۔

سفارت خانے کی آئی ڈی سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر چینی سفیر یاؤ جنگ کا ویڈیو پیغام جاری کیا گیا جس میں انہوں نے پاکستانیوں کو رمضان المبارک کی آمد پر مبارک باد پیش کی۔

اُن کا کہنا تھا کہ یہ ایک چلینجنگ مرحلہ ہے، پوری پاکستانی قوم ناوول کرونا وائرس اور نمونیا کے پھیلاؤ کے خلاف جہدوجہد کررہی ہے، آزمائش کی اس گھڑی میں چینی حکومت، عوام اور پاکستان میں مقیم چینی کمیونٹی وبا سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی ہر ممکن مدد کررہی ہے۔

چینی سفیر کاکہنا تھا کہ ہم نے وبا کی روک تھام کے لیے پاکستانی عوام کو لاکھوں کی تعداد میں طبی اور حفاظتی سازوسامان کے ساتھ دیگر اشیا فراہم کی ہیں، کئی چینی ڈاکٹرز پاکستان کے طبی ماہرین اور عملے کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں۔

’میں اس نازک مرحلے میں مہلک وبا کے خلاف جدوجہد کرنے پر حکومت، طبی ماہرین اور عوام کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، مجھے یقین ہے وزیراعظم عمران خان کی زیر قیادت پاکستانی حکومت اور عوام اس مہلک وائرس پر جلد قابو پالیں گے‘۔

اپنے پیغام کے آخر میں چینی سفیر نے ایک بار پھر پاکستانیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے رمضان المبارک کی آمد کی مبارک باد دی اور کہا کہ صحت مند، محفوظ اور مبارک رمضان سب کو مبارک ہو۔

یاد رہے کہ چین کی جانب پاکستان کی بھرپور امداد کی جارہی ہے، اس ضمن میں چینی حکام نے امدادی سامان بھیجا جس میں این 95 ماسک، ٹیسٹ کٹس، حفاظتی لباس سمیت دیگر اہم اشیا شامل ہیں۔

علاوہ ازیں چین کے ماہر ڈاکٹرز بھی پاکستان پہنچے ہیں جنہوں نے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کر کے اپنے تجربات شیئر کیے۔