امام کعبہ عبدالرحمن السدیس مسجد الحرام میں جراثیم کش اسپرے ٹیم میں شامل

  • April 29, 2020, 8:04 pm
  • World News
  • 117 Views

مکہ مکرمہ: امام کعبہ عبدالرحمٰن السدیس نے عملے کے ساتھ مل کر مسجد الحرام اور مقام ابراہیم پر جراثیم کش اسپرے کرنے کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

عرب میڈیا کے مطابق خانہ کعبہ میں جراثیم کش اسپرے اور صفائی ستھرائی کا کام زور و شور سے جاری ہے جس میں امامِ کعبہ ڈاکٹر عبدالرحمٰن السدیس نے بھی حصہ لیا اور نماز عشاء سے قبل مسجد الحرام کی صفائی پر مامور عملے کے ساتھ مل کر خانہ کعبہ کو جراثیم سے پاک کرنے کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

اس موقع پر امام کعبہ عبدالرحمن السدیس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک سعادت ہونے کے ساتھ ساتھ بطور جنرل پریزیڈنسی میرے فرائض میں بھی شامل ہے، مسجد الحرام کی تطہیر کا عمل محکمہ صحت کی ہدایت کے تحت کیا جا رہا ہے تاکہ کورونا وائرس وبا کو روکا جا سکے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں مکہ و مدینہ کے دونوں مقدس مقامات میں داخلے پر پابندی عائد کر رکھی ہے جب کی دیگر مساجد میں باجماعت نماز پر پابندی ہے اور حج کے حوالے سے بھی حتمی فیصلہ نہیں کیا جاسکا ہے۔