بلوچستان میں کورونا کی وباء سے نمٹنے کیلئے اقدامات تسلی بخش ہیں، صدر علوی

  • April 29, 2020, 8:10 pm
  • COVID-19
  • 141 Views

صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ بلوچستان حکو مت کے کورونا کی وباء سے نمٹنے کیلئے اقدامات تسلی بخش ہیں، وفاقی و صوبائی حکومتیں کورونا کی وباء کی روک تھام کے لئے مر بوط لائحہ عمل جاری رکھیں۔

کوئٹہ میں ایک روزہ سرکاری دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر عارف علوی نے کہا کہ لاک ڈاون کے دوران غر یب افراد کی معاونت کو یقینی بنایا جائے۔

صدر مملکت نے بلوچستان حکومت کے کورونا وائرس کی روک تھام سے متعلق اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں بحث جا ری ہے کہ کتنا لاک ڈاؤن کیا جائے ہم بھی اپنی ضرورت کے پیش نظر اس کے اطلاق پر غور کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری ضرورت ہے کہ زرعی شعبوں کی بندشوں کو کم رکھیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ بلوچستان میں کوروناوائرس کے حوالے سمیت ہر اعتبار سے گفتگو ہوئی ہمیں پوری امید ہے کہ پورا پاکستان کورونا اور اس کی صورتحال کا مقابلہ کرلے گا۔

عارف علوی نے کہا کہ کورونا کی روک تھام کے لئے احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد ناگزیر ہے، وباء کے مقابلے میں ہماری طاقت بہتر ہوتی جارہی ہے اور اس میں مزید بہتری احتیاطی تدابیر پر عوامی عمل درآمد سے ہی ممکن ہے۔