کراچی، پتنگ کی ڈور نے ایک اور ننھے بچے کی جان لے لی

  • May 2, 2020, 9:27 pm
  • National News
  • 169 Views

کراچی: شہر قائد کے علاقے ناظم آباد میں پتنگ کی ڈور نے ایک اور ننھے بچے کی جان لے لی۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے ناظم آباد 2 نمبر کے قریب دو سالہ بچہ اپنے والدین کے ساتھ موٹر سائیکل پر جاتے ہوئے پتنگ کی ڈور گلے پر پھرنے سے زخمی ہوا اور اسپتال پہنچ کر دم توڑ گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ 2 سالہ سفیان اپنے والدین کے ساتھ موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ ناظم آباد 2 نمبر کے قریب گلے میں پتنگ کی ڈور پھرنے سے زخمی ہوگیا، بچے کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خون زیادہ بہہ جانے کے سبب دم توڑ گیا۔

بچے کے والدین کا کہنا ہے کہ عباسی شہید اسپتال میں گھنٹوں تک پولیس کی کارروائی کا انتظار کرتے رہے لیکن پولیس حادثے کے دو گھنٹے بعد اسپتال پہنچی اور قانونی کارروائی کی۔

سفیان کی والدہ کا کہنا تھا کہ رمضان کے بعد بیٹے کا اسکول میں داخلہ کرانا تھا، بچے کے گلے پر ڈور پھری تو دوپٹے سے خون روکنے کی کوشش کی، اسپتال منتقل کرنے تک سفیان کی سانسیں چل رہی تھیں، پولیس کی عدم موجودگی کی وجہ سے اسپتال نے طبی امداد فراہم نہیں کی۔

بچے کے اہلخانہ نے مطالبہ کیا کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے اعلیٰ حکام حکمت عملی بنائیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی پتنگ کی ڈور پھرنے سے کراچی کے علاقوں لیاقت آباد، اورنگی ٹاؤن اور ناظم آباد کے اطراف میں کئی بچے زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔