سٹیٹ بینک کا عید الفطر پر نئے کرنسی نوٹ جاری نہ کرنے کا اعلان

  • May 4, 2020, 11:46 pm
  • Business News
  • 200 Views

سٹیٹ بینک نے عید الفطر کے موقع پر نئے کرنسی نوٹ جاری نہ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سٹیٹ بینک امسال عید الفطر پر نئے نوٹ جاری نہیں کرے گا۔ سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس عید پر عوام، سٹیٹ بینک کے موجودہ و سابق ملازمین کو نئے کرنسی نوٹ جاری نہیں کیے جائیں گے۔
کورونا کے باعث عید پر نئے نوٹ نہیں جاری کیے جائیں گے۔ اعلامیہ کے مطابق وبا کے خلاف حفاظتی اقدامات کے تحت اس بار نئے نوٹ عوام کو نہیں ملیں گے۔ 29 اپریل کو ڈی جی بینکنگ کے اجلاس میں نئے نوٹ جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ دوسری جانب پاکستان میں کورونا وائرس کے پیش نظر بینکوں نے 236 ارب روپے کے قرضے ایک سال کے لیے موخر کر دیئے ہیں۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 24 اپریل تک 3 لاکھ تین ہزار افراد نے قرض موخر کرنے کی سہولت حاصل کی اور اس وقت 5126 درخواستوں پر غور کیا جارہا ہے۔

مرکزی بینک کے جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سٹیٹ بینک نے کورونا وائرس کے سبب سے بیل آؤٹ اسکیم متعارف کرائی جس کے تحت 30 جون 2020 تک قرض موخر کرنے کی درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔ - این این آئی رپورٹ کے مطابق سٹیٹ بینک آف پاکستان نے پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کے اشتراک سے قرض حاصل کرنے والوں کے لئے جامع ریلیف پیکج کا اعلان کیا ہے تاکہ کورونا کی وبا سے متاثرین کو مالی ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
انہوںنے کہاکہ پیکج کے تحت بینکوں اور مالیاتی اداروں نے صارفین سے حاصل کئے گئے قرضوں کی اصل رقم کی وصولی موخر کرنے پر اتفاق کیا تھا اور اس ضمن میں اصل رقم کی وصولی ایک سال کے لئے موخر کر دی گئی ہے تاہم قرض حاصل کرنے والے صارفین متفقہ شرائط و ضوابط کے تحت سود ادا کرنے کے پابند ہیں۔ قرض کی اصل رقم کی وصولی کو موخر کرنے سے قرض حاصل کرنے والوں کی کریڈٹ ہسٹری متاثر نہیں ہوگی اور اس حوالے سے کریڈ بیورو کے اعدادو شمار میں ان کا اندراج نہیں کیا جائے گا۔