فیصل ایدھی کرونا وائرس سے صحت یاب ہوگئے

  • May 6, 2020, 9:50 pm
  • National News
  • 153 Views

کراچی: ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کی کرونا ٹیسٹ رپورٹ منفی آگئی۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کرونا وائرس سے صحت یاب ہوگئے، گزشتہ ہفتے ان میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی اور دو مرتبہ ان کی رپورٹ مثبت آئی تھی۔

فیصل ایدھی کا کہنا ہے کہ اللہ کا شکر ہے میرا کرونا ٹیسٹ منفی آگیا ہے، کرونا میں مبتلا تمام مریضوں کے لیے صحت کی دعا کرتا ہوں۔

فیصل ایدھی کے بیٹے سعد ایدھی کا کہنا تھا کہ والد کا تیسرا ٹیسٹ 2 روز پہلے 4 مئی کو پمز میں کرایا تھا رپورٹ آج ملی ہے۔

سعد ایدھی کا کہنا تھا کہ والد نے 17 روز میں تین مرتبہ ٹیسٹ کرائے، پہلا ٹیسٹ 20 اپریل، دوسرا 27 اپریل کو کرایا تھا، وہ 20 اپریل سے لے کر 6 اپریل تک قرنطینہ میں رہے۔

یاد رہے 21 اپریل کو فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی میں کورونا کی تشخیص ہوئی تھی ، ان کا ٹیسٹ شفا انٹرنیشنل اسپتال اسلام آباد میں کیا گیا تھا، جس کے بعد فیصل ایدھی نے خود ٹیسٹ پازیٹو آنے کی تصدیق کی تھی اور قرنطینہ میں چلے گئے تھے۔

بعد ازاں محکمہ صحت سندھ نے سول اسپتال کو ہدایت جاری کی تھی کہ کراچی میں موجود فیصل ایدھی کے خاندان کے دیگر افراد کے بھی کرونا ٹیسٹ کیے جائیں۔

ذرائع محکمہ صحت کا کہنا تھا کہ فیصل ایدھی سے قبل ان کے بیٹے سعد ایدھی کا بھی کرونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا، اس دوران بھی فیصل ایدھی کو کچھ دن گھر میں رہنے کی ہدایت کی گئی تھی، فیصل ایدھی 4 دن سے اسلام آباد میں تھے، شک ہے وائرس وہی سے منتقل ہوا۔