وزیراعظم کورونا ریلیف ٹائیگرفورس کا کمال، مسلم لیگ ن کے ارکان بھی فورس میں شامل

  • May 7, 2020, 5:43 pm
  • National News
  • 96 Views

اسلام آباد : مسلم لیگ ن کے ارکان قومی اسمبلی نےٹائیگرفورس کی سرگرمیوں میں حصہ لینا شروع کردیا، عثمان ڈار نے کہا خوشی ہے کہ مشکل وقت میں سیاسی اختالافات ایک طرف رکھ دئیے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کورونا ریلیف ٹائیگرفورس کا کمال ، عوامی نمائندوں نےقومی معاملےپرسیاسی اختلافات بالائے طاق رکھ دئیے ، لیگی ارکان قومی اسمبلی نےٹائیگرفورس کی سرگرمیوں میں حصہ لینا شروع کردیا۔

سیالکوٹ میں ٹائیگرفورس کیلئےقائم ڈسٹرکٹ کمیٹی کااجلاس ہوا ، جس میں ن لیگ کے 2 ارکان قومی اورایک رکن صوبائی اسمبلی اجلاس میں شریک ہوئے ، رکن قومی اسمبلی راناشمیم اورزارےشاہ نے بھی اجلاس میں شرکت کی تاہم رکن اسمبلی خواجہ آصف دعوت نامہ کےباوجوداجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔

عثمان ڈار نے کہا کہ ارکان قومی اسمبلی نےقومی مہم میں شامل ہو کرذمہ داری کامظاہرہ کیا، خوشی ہے کہ مشکل وقت میں سیاسی اختالافات ایک طرف رکھ دئیےگئے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ دیگر ارکان اسمبلی بھی قومی ذمہ داری میں شامل ہوں، چاہتے ہیں متعلقہ عوامی نمائندوں کی رائےکو اہمیت دی جائے۔

خیال رہے وزیراعظم کی ٹائیگر فورس کو ملک بھر میں آپریشنل کردیا گیا ہے، وزیراعظم عمران خان نے ٹائیگرز فورس کے رضاکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کی طرح کورونا وائرس پاکستان کیلئےبھی بڑا چیلنج ہے ،برطانیہ جیسے ملک کے وزیراعظم نے والنٹیئر فورس کی اپیل کی، اسی طرح ٹائیگرز فورس رضاکارانہ طورپر ایڈمنسٹریشن کی مدد کرے گی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ٹائیگرزفورس مشکل وقت میں ملک کیلئے جہاد لڑےگی، ٹائیگرز فورس میں شمولیت اختیار کرنیوالوں کا مشکور ہوں۔