کورونا، فرانس میں عوام سے پنیر کھانے کی اپیل

  • May 9, 2020, 5:10 pm
  • Entertainment News
  • 131 Views

پیرس: فرانس میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے ملک میں موجود ہزاروں ٹن پنیر خراب ہونے لگا ہے جس کی وجہ سے ڈیری فارمرز نے لوگوں سے زیادہ سے زیادہ پنیر کھانے کی اپیل کر دی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فرانس کے گوداموں میں 5 ہزار ٹن پنیر کے پیکٹ موجود ہیں جنہیں لاک ڈاؤن کے باعث بیرون ممالک کو فروخت کرنے میں مشکلات درپیش ہیں۔

بیرون ممالک کو پنیر فروخت کرنے میں مشکلات کے ساتھ مقامی لوگوں نے بھی پنیر کھانا کم کردیا ہے۔

فرانس میں پنیر کے بیوپاریوں اور اسے تیار کرنے والے افراد نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ مشکل کی اس گھڑی میں زیادہ سے زیادہ پنیر کھائیں تاکہ ہزاروں ٹن پنیر کو خراب ہونے سے بچایا جاسکے۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پوری دنیا لاک ڈاؤن کا شکار تھی جس میں چند روز قبل مختلف ممالک کی طرف سے مرحلہ وار نرمی کی گئی ہے۔

عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس سے پوری دنیا میں متاثرہ افراد کی تعداد 40 لاکھ 12 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔ کورونا وائرس نامی مہلک وبا کے باعث اب تک جہان فانی سے دو لاکھ 76 ہزار سے زائد افراد کوچ کر چکے ہیں۔

ہم نیوز نے عالمی خبر رساں ایجنسیوں کے حوالے سے بتایا ہے کہ پوری دنیا میں اب تک اپنے یقین، مضبوط قوت ارادی اور طاقتور مدافعتی نظام کی بدولت 13 لاکھ 85 ہزار سے زائد افراد کورونا کو شکست بھی دے چکے ہیں۔

خبر رساں ادارے کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 13 لاکھ 21 ہزار سے بڑھ گئی ہے جب کہ 78 ہزار سے زائد اموات ریکارڈ کی جا چکی ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق اسپین میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ 60 ہزارسے زائد ہو گئی ہے جب کورونا نے مزید 244 افراد کی جانیں لے لی ہیں۔ اس طرح اسپین میں جاں بحق ہونے والوں کی کل تعداد 26 ہزار 2 سوسے بڑھ گئی ہے۔

خبررساں ادارے کے مطابق اٹلی میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ 17 ہزار سے زائد ہو گئی ہے جب کہ مزید 369 افراد اپنی جانوں کی بازیاں ہار گئے ہیں۔ اٹلی میں جاں بحق ہونے والوں کی کل تعداد 30 ہزار 2 سو سے زائد ہو گئی ہے۔

ہم نیوز نے عالمی خبر رساں ایجنسی کے حوالے سے بتایا ہے کہ برطانیہ میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد دو لاکھ 11 ہزار سے زائد ہو گئی ہے جب کہ ملک میں مزید 649 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق برطانیہ میں 31 ہزار 2 سو سے زائد افراد نے داعی اجل کو لبیک کہا ہے۔

مغربی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانس میں ایک لاکھ 76 ہزار سے زائد افراد اب تک کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق فرانس میں کورونا سے مزید 278 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جس کے بعد کل تعداد 26 ہزار 2 سو سے بڑھ گئی ہے۔