افغان صوبے غزنی میں خودکش دھماکا، 6 افراد ہلاک، 40 زخمی

  • May 18, 2020, 10:45 am
  • World News
  • 178 Views

غزنی: افغانستان کے صوبے غزنی میں خودکش دھماکے میں 6 افراد ہلاک جب کہ 40 زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی کونسل چیف نے میڈیا کو بتایا کہ غزنی صوبے میں آج ایک خود کش دھماکا کیا گیا جس میں کم از کم 6 افراد ہلاک جب کہ چالیس زخمی ہوئے ہیں۔

افغان میڈیا کے مطابق آج صبح 5 بجے انٹیلی جنس ایجنسی کے اسپیشل یونٹ دفتر پر خودکش دھماکے میں بارود سے بھری گاڑی کا استعمال کیا گیا تھا، افغان حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد افغان فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

صوبائی کونسل چیف نصیر احمد فقیری کا کہنا تھا کہ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کا تعلق فورسز سے ہے، صوبائی اسپتال کے سربراہ نے میڈیا کو بتایا کہ واقعے کے بعد 5 لاشیں اور 25 زخمی اسپتال میں منتقل کیے گئے۔

اس خود کش دھماکے کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔ تاہم، یہ بات اہم ہے کہ گزشتہ روز ہی افغان قیادت میں ملک میں امن کے قیام کے لیے شراکت اقتدار کے معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں۔

گزشتہ روز بھی افغان صوبے پکتیکا میں فورسز اور طالبان کے درمیان ایک جھڑپ میں 31 طالبان ہلاک اور 21 زخمی ہو گئے تھے، افغان محکمہ دفاع کا کہنا تھا کہ طالبان فضائی کارروائی میں مارے گئے۔

جمعرات کو بھی افغان صوبے پکتیا کے شہر گردیز میں کار بم دھماکا ہو اتھا جس میں 5 افراد ہلاک اور 19 زخمی ہو گئے تھے، یہ حملہ گردیز شہر کی فوجی عدالت کے باہر ہوا۔