پنجاب اور کے پی کے میں ٹرانسپورٹروں کا بسیں چلانے سے انکار

  • May 18, 2020, 8:42 pm
  • National News
  • 86 Views

پنجاب میں حکومت سے اجازت ملنے کے باوجود ٹرانسپورٹروں نے بسیں چلانے سے انکار کر دیا ہے دوسرے شہروں کے لیے صرف وین سروس چل رہی ہے تاہم ان میں ایس او پیز کو مکمل طور پر نظر انداز کیا جا رہا ہے. ٹرانسپورٹرز کی کرایوں میں کمی اور ایک مسافر کے ساتھ دوسری سیٹ خالی رکھنے کے حکومتی اقدامات کے خلاف ہڑتال جاری ہے، لاہور کے تمام بس اڈے بند ہیں دوسرے شہروں کے لیے وین سروس کا تو آغاز ہو گیا لیکن ان میں ایس او پیز پر عملدرآمد نہیں کیا جا رہا.
ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ پہلے ہی نقصان میں ہیں، وین کی 9 سیٹیں خالی نہیں رکھ سکتے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں کوئی کمی نہیں کی ہے بلکہ مسافروں سے زائد کرایہ وصول کیا جارہا ہے‘لاک ڈاﺅن میں نرمی کے باوجود میٹرو اور سپیڈو بس سروس تاحال بند ہے. دوسری جانب خیبر پختونخوا حکومت نے لاک ڈاﺅن میں مزید نرمی کرتے ہوئے بین الاضلاعی ٹرانسپورٹ کو اجازت تو دے دی تاہم پہلے روز بس اسٹینڈز پر ایس او پیز نظر انداز کر دی گئی.
بس سٹینڈ پر موجود مسافروں، ڈرائیوروں ، کنڈکٹروں اور وہاں کام کرنے والے دیگر افراد حکومتی ایس او پیز پر عمل کرنے کو تیار نہیں ہیں جبکہ بس اڈہ کے ٹھیکیدار کے مطابق تمام ہدایات کا خیال کیا جارہا ہے. حکومت کی جانب سے ٹرانسپورٹ چلانے کی اجازت تو دیدی گئی ہے لیکن پشاور کے بس سٹینڈز پر کورونا وائرس سے بچاﺅ کے لیے سینٹائزر، ماسک اور اسپرے سمیت کسی قسم کے حفاظتی انتظامات نظر نہیں آئے ہیں‘بس سٹینڈ اسٹاف کا کہنا تھا کہ پہلے روز ان کی صرف 15 فیصد گاڑیاں ہی مسافروں کو لے کر جاسکی ہیں.