ڈکیتی کیس میں ضمانت ملنے کے بعد ملزم عدالت کی پارکنگ سے موٹرسائیکل چوری کرکے فرار

  • May 19, 2020, 11:14 am
  • National News
  • 121 Views

ڈکیتی کیس میں ضمانت ملنے کے بعد ڈکیت عدالت کی پارکنگ سے موٹرسائیکل چوری کرکے فرار، پاکستان میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتیں معمول بن چکی ہیں، روزانہ سینکڑوں موٹرسائیکلیں چوری ہوتی ہیں یا چھین لی جاتی ہیں۔ پاکستان بھر میں ایسے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں لیکن کراچی اس حوالے سے سب سے زیادہ بدنام ہے جہاں دن دہاڑے چور ڈاکو موبائل اور موٹرسئیکل چھین کر یا چوری کر کے فرار ہوجاتے ہیں۔
لیکن اب کراچی میں ایک انوکھا واقعہ پیش آیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈکیتی کے مقدمے میں ضمانت حاصل کرنے کے بعد مبینہ ڈاکو سٹی کورٹ کی پارکنگ سے موٹرسائیکل چوری کرکے بھاگ نکلا۔ البتہ پولیس نے ڈکیٹ کو رات کے وقت ایک اور ڈکیتی کی واردات کے دوران گرفتار کر لیا ہے ۔
ذرائع کے مطابق ملزم اسی موٹر سائیکل پر گن پوائنٹ پر ایک کار سوار فیملی سے لوٹ مار کر رہا تھا کہ گشت پر موجود پولیس اہلکاروں نے اسے گرفتار کرلیا۔

اس حوالے سے ایس پی عاطف نذید نے ٹویٹر پیغام میں لکھا کہ ''ڈکیتی کے پرچے میں ضمانت ہوئی اور موصوف جاتے ہوئے پارکنگ سے موٹر سائیکل لے اڑے۔ سوچا ہو گا اب خالی ہاتھ کیا جانا. شائد اسے ادراک ہے کہ قانون نافذ کرنیوالے ادارے اور عدالتیں اس کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے''



واضح رہے کہ ایسے واقعات پاکستان مین رونما ہوتے رہتے ہیں، دو روز قبل بھی کراچی میں پولیس نے ایک شخص کا موبائل چھیننے والے تین ڈاکوؤں کا پیچھا کیا تھا جس دوران پولیس کی فائرنگ سے دو ڈاکو مارے گئے تھے جبکہ تیسرے کو شہریوں نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا تھا۔
البتہ کورونا وبا کے دوران جاری لاک ڈاؤن کی وجہ سے سٹریٹ کرائم میں کافی کمی آئی ہے، پولیس کے ناکوں اور شہریوں کے گھروں میں رہنے کی وجہ سے چوری اور ڈکیتی کی وارداتیں بہت کم ہوگئی ہیں۔