بابر کو بڑا کپتان بنانے کیلیے ثقلین نے اہم گُر بتا دیے

  • May 20, 2020, 1:35 am
  • Sports News
  • 178 Views

کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو بڑا کپتان بنانے کیلیے ثقلین مشتاق نے اہم گْر بتا دیے.

سابق پاکستانی آف اسپنر ثقلین مشتاق نے اپنی یوٹیوب ویڈیو میں تجویز پیش کی کہ بابر اعظم کو قیادت کے گْر سیکھانے کے لیے ماضی کے عظیم کپتانوں سے ملاقاتوں کا اہتمام کرنا چاہیے، 43 سالہ ثقلین نے کہاکہ بابر کا اعتماد اور بیٹنگ اسکلز بے مثال جبکہ وہ آغاز سے ہی غیرمعمولی کارکردگی دکھا رہے ہیں، انھیں عمران خان اور وسیم اکرم خان سے قیادت کے گْر سیکھنے کا موقع فراہم کرنا چاہیے۔

ثقلین نے پی سی بی سے کہا کہ وہ بابر اعظم کی اسٹیووا، رکی پونٹنگ اور اینڈریو اسٹروس کے ساتھ میٹنگ کا بھی اہتمام کرے جنھوں نے مشکل ایشز سیریز جیتیں، جب بھی پاکستان کی کسی دوسرے ملک سے سیریز ہو تو وہاں کے عظیم کھلاڑیوں سے بابر کی میٹنگز کرانا چاہیئں،پی سی بی کا میڈیا ڈپارٹمنٹ انھیں میڈیا کو ہینڈل کرنا سیکھائے۔
ثقلین مشتاق نے کہا کہ بابر اعظم کو انگلش سیکھنے کاکہنا غیرمتعلقہ بات ہے، وہ اردو جانتے اور اس کے علاوہ کچھ اور سیکھنے کی ضرورت نہیں ہے۔

انھوں نے مزید کہاکہ ٹیم کو کامیابیوں سے ہمکنار کرنے اور حکمت عملی پر میدان میں اچھی طرح عمل درآمد کرانے کے لیے بابر کو قیادت کے بہترین طریقے سیکھنا ہوں گے۔