محکمہ صحت پنجاب کی عید کے بعد 4 ہفتوں کے لئے مکمل لاک ڈاؤن کی تجویز

  • May 20, 2020, 11:11 am
  • COVID-19
  • 151 Views

لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد پنجاب میں بڑھتے ہوئے کیسز کو مدنظر رکھتے ہوئے محکمہ صحت پنجاب نے عید کے بعد 4 ہفتوں کے لئے مکمل لاک ڈاؤن کی تجویز پیش کر دی ہے۔ اس حوالے سے محکمہ صحت نے اپنی تجویز وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے سامنے پیش کر دی ہے جس میں کورونا سے نمٹنے کے لئے لاک ڈاؤن کو ہی واحد حل بتایا گیا ہے۔
تجویز پیش ہونے کے بعد پولیس نے بھی اس حوالے سے تیاریاں مکمل کر لی ہیں جس کے بارے میں سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کے بارے میں جو بھی فیصلہ ہو گا، اس کیلئے اقدامات کریں گے، لاہور پولیس کی جانب سے حکومتی احکامات پر مکمل عملدرآمد کروایا جائے گا۔ تجویز میں کہا گیا ہے کہ لاک ڈاؤن سے ہی کیسز پرقابو پایا جا سکتا ہے۔
چند روز قبل وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں کابینہ کو محکمہ صحت نے کہا تھاکہ سمارٹ سمپلنگ کے بعد ہی لاک ڈاؤن ختم کرنے پرغور کیا جائے۔ تا ہم ان تمام تجاویز پر ابھی غور کیا جا رہا ہے۔ خیال رہے کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد کورونا وائرس نےلاہور سمیت پنجاب میں تیزی پکڑ لی ہے جس کے بعد پولیس اہلکار اور ڈاکٹروں سمیت شہریوں کی ایک بڑی تعداد کورونا کا شکار ہو رہی ہے۔
کیسز کی تعداد کی بات کی جائے تو لاہور میں کورونا سے مزید 5 شہری جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 102 ہوگئی، جبکہ 503 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد کورونا وائرس میں مبتلا افراد کی تعداد 8115 ہوگئی، پنجاب میں ایک لاکھ 74 ہزار سے زائد تشخیصی ٹیسٹوں کے نتیجے میں 15976 میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی، مجموعی اموات بڑھ کر 273 ہوگئیں۔ انہی بڑھتے ہوئے کیسز کو مدنظر رکھتے ہوئے اب محکمہ صحت پنجاب نے پنجاب حکومت کو عید کے بعد 4 ہفتوں کے لئے لاک ڈاؤن کی تجویز پیش کر دی ہے۔