پاکستان فلورملز ايسوسی ايشن نے پنجاب ميں ہڑتال ختم کردی

  • May 20, 2020, 4:19 pm
  • Business News
  • 126 Views

حکومت سے کامیاب مذاکرات کے بعد پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے پنجاب میں دو روز سے جاری ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔

فلور ملز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے محکمہ خوراک کےساتھ پریس کانفرنس ميں ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا۔

چیرمین پی ایف ایم اے پنجاب عبدالروف مختار نے کہا کہ ہم معاملات طے ہونے پر پنجاب بھر میں ملوں کی ہڑتال ختم کر رہے ہیں۔

سیکرٹری خوراک پنجاب وقاص علی محمود کا کہنا تھا کہ گندم کی قیمت میں اضافے سے صرف کسان کو فائدہ ہوا ہے۔ آٹے کی قیمت میں رد و بدل کا فیصلہ عید کے بعد ہوگا۔

محکمہ خوراک کے حکام کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت گندم خریداری کے 45 لاکھ ٹن کے ہدف میں سے 37 لاکھ ٹن گندم خرید چکی ہے۔

فلور ملز ايسوسی ايشن کے بيشتر مطالبات مان ليے گئے ہیں۔ آٹا ملز 72گھنٹے کی بجائے 7دن کی گندم ذخیرہ کر سکیں گی اور انتظامیہ فلور ملز پر چھاپے نہیں مارے گی جبکہ اسٹاک ڈکلئیر ہوگا۔