کرونا وائرس، پاکستانی تاریخ میں‌پہلی بار پولیس اہلکاروں کی آن لائن ٹریننگ کا آغاز

  • May 21, 2020, 1:17 am
  • Science & Technology News
  • 144 Views

اسلام آباد: پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار پولیس اہلکاروں کی گھر بیٹھے تربیت کے لیے آن لائن کورس متعارف کرادیا گیا۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق موٹروے پولیس نے اہلکاروں کی تربیت کے لیے پاکستان میں پہلی بار آن لائن پولیس ٹریننگ کورس متعارف کرایا جس کے تحت اہلکاروں کو آن لائن کلاسز دی جائیں گی۔

ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق کرونا وائرس کے پیش نظر پولیس ٹریننگ کالج میں اہلکاروں اور افسران کی تربیتی سرگرمیاں مؤخر تھیں جس کی وجہ سے ٹیکنالوجی کا استعمال کرنا پڑا۔

انسپیکٹر جنرل موٹروے پولیس سید کلیم امام نے آن لائن کلاسز کا باقاعدہ آغاز کیا۔ موٹروے پولیس کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ پیٹرولنگ کرنے والے افسران کےدسویں پروبیشن کورس کی آن لائن کلاسزکا آغاز کردیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق ’پہلےمرحلےمیں تھیوری کےتمام مضامین پڑھائےجائیں گے، بعد ازاں حالات بہتر ہونے پر عملی مشقیں کروائی جائیں گی‘۔

یاد رہے کہ ملک بھر میں لاک ڈاؤن کے دوران ڈیوٹی انجام دینے والے متعدد اہلکاروں کو کرونا کی تشخیص ہوئی جبکہ چند افسران و اہلکار وائرس کی وجہ سے شہید بھی ہوئے۔

حال ہی میں کراچی میں تعینات 20 پولیس اہلکاروں میں کرونا کی تشخیص ہوئی جس کے بعد صوبہ سندھ میں متاثر ہونے والے اہلکاروں اور افسران کی تعداد 200 تک پہنچ گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق سینئر پولیس افسر سمیت پانچ پولیس اہلکاروں میں کرونا کی علامات ظاہر ہوئیں جس کے بعد انہوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے۔