عید کے اجتماعات، ختم القرآن سمیت شبِ قدر میں عبادات ہوں گی، ناصر شاہ

  • May 21, 2020, 1:18 am
  • National News
  • 111 Views

کراچی : صوبائی وزیر اطلاعات و بلدیات ناصر حسین نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کے اقدامات مخالفین کو ہضم نہیں ہورہے، پہلے خود لاک ڈاؤن کی تعریف کرتے رہے اور اب مخالفت کررہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر اطلاعات و بلدیات ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ عید الفطر کے اجتماعات کےلیے ایس او پیز پر عمل در آمد کرنا ہوگا، عید کے اجتماعات، ختم القرآن سمیت شب قدر میں عبادات ہوں گی لیکن تمام اجتماعات میں ایس او پیز پر عمل درآمد کرنا لازمی ہوگا۔

ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ ہمیں ٹائیگر فورس کے نام پر اعتراض ہے، چیف سیکریٹری نے ڈی سیز کو ٹائیگر فورس کےلیے خط لکھ دیا تھا، ٹائیگر فورس نے کرنا کچھ نہیں ہے بس باتیں بنانی ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم بھلائی کا کام کرنے والی کسی بھی فورس کا خیر مقدم کریں گے۔

اس سے قبل ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی ناقص پالیسیوں کا خمیازہ عوام بھگت رہی ہے، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ہنگامی حفاظتی اقدامات نہ اٹھاتے تو صورتحال کچھ اور ہوتی۔