طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے کیپٹن سجاد گل کون تھے؟َ

  • May 22, 2020, 7:13 pm
  • National News
  • 260 Views

لاہور: کراچی میں پی آئی اے کا طیارہ ایئرپورٹ کے قریب جناح گارڈن کے گھروں سے ٹکرا کر تباہ ہوگیا، طیارہ اڑانے والے پائلٹ کیپٹن سجاد گل لاہور کے رہائشی تھے۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق بدقسمت طیارے میں اڑان بھرنے والے پائلٹ سجاد گل کا تعلق لاہور سے تھا، وہ ڈیفنس زیڈ بلاک کے رہائشی تھے۔

مرحوم کیپٹن سجاد گل نے سوگواران میں بیوی اور 4 بچے چھوڑے ہیں، حادثے کی اطلاع ملتے ہی کیپٹن کے عزیز و اقارب، اہل علاقہ رہائشگاہ پہنچنا شروع ہوگئے۔

پی آئی اے کے پائلٹ کیپٹن سجاد گل کے اہلخانہ گہرے دکھ اور صدمے میں مبتلا ہیں جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سجاد گل کے اہلخانہ سے دکھ اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

واضح رہے کہ طیارہ کراچی ایئرپورٹ کے قریب گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں‌ 32 افراد جاں‌ بحق ہوگئے، حادثے کی جگہ سے لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ وزیراعظم نے طیارہ حادثے کی فوری تحقیقات کا حکم دے دیا ہے

ترجمان پی آئی اے نے ایئربس320 کے گرنے کی تصدیق کردی ہے اور پی آئی اے کے آپریشنل ملازمین کو ڈیوٹی پر طلب کر لیا گیا ہے،سی ای او پی آئی اےایئرمارشل ارشد ملک کا ناگہانی حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان پی آئی اےجبکہ سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کےطیارے میں 99مسافر اور 8 کریو ممبر سوار تھے۔

ڈی آئی جی نعمان صدیقی کا کہنا ہے کہ طیارہ گرنے سے زمین پر 4 گھر تباہ ہوئے ہیں ، طیارہ گرنے کی جگہ کوگھیراؤکرکے مکمل سیل کردیا گیا ۔