کراچی طیارہ حادثے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ جاری

  • May 22, 2020, 9:39 pm
  • Breaking News
  • 182 Views

کراچی : شہر قائد کے علاقے ماڈل کالونی میں پی آئی اے کے مسافر طیارے کو پیش آنے والے اندوہناک حادثے کی ابتدائی رپورٹ جاری کردی گئی ہے۔

کراچی طیارہ حادثہ کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق طیارے کے کپتان نے اے ٹی سی کنٹرولر کی ہدایت پر اپنا طیارہ اوپر لے جانے کی کوشش کی، طیارے کو گراؤنڈ کرنے کے وقت اس کے دونوں انجن کام کررہے تھے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گراؤنڈ کے دوران کپتان نے لینڈنگ گیئر کھولنے کی ایک بار پھر کوشش کی، اسی کوشش کے دوران اچانک جہاز کے دونوں انجنوں نے کام کرنا بند کردیا، گراؤنڈ کے دوران طیارہ1800فٹ کی اونچائی پر تھا۔

ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق رن وے کی رجانب طیارے کو لینڈ کرانے کی کوشش میں مسافر طیارہ بلڈنگ سے ٹکرا گیا، دونوں انجن بند ہونے سے طیارہ کریش ہوا اور جہاز کا اے ٹی سی سے رابطہ منقطع ہوگیا۔

واضح رہے کہ پی آئی اے کا طیارہ کراچی ایئرپورٹ کے قریب گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں‌ 54 افراد جاں‌ بحق جبکہ درجنوں افراد زخمی ہوگئے، جائے حادثہ سے لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے کا سلسلہ جاری ہے، وزیراعظم نے طیارہ حادثے کی فوری تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

اس کے علاوہ ترجمان پی آئی اے اورسول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کے طیارے میں 99مسافر اور 8 کریو ممبر سوار تھے۔ ڈی آئی جی نعمان صدیقی کا کہنا ہے کہ طیارہ گرنے سے زمین پر 4 گھر تباہ ہوئے ہیں ، طیارہ گرنے کی جگہ کا گھیراؤ کرکے مکمل سیل کردیا گیا۔