توشہ خانہ کیس، نواز شریف کے وارنٹ گرفتاری جاری، زرداری کو آج حاضری سے استثنیٰ

  • May 29, 2020, 12:06 pm
  • Breaking News
  • 107 Views

اسلام آباد : احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کردیے اور آصف زرداری کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے کیس کے ملزمان کو 11جون کو ہرصورت پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں سابق صدر آصف زرداری اور سابق وزرائے اعظم نواز شریف ، یوسف رضا گیلانی کیخلاف توشہ خانہ ریفرنس پرسماعت ہوئی، کیس کی سماعت احتساب عدالت کےجج اصغر علی نے کی، طلبی کے نوٹس کے باوجود نواز شریف عدالت سے غیر حاضر رہے جبکہ سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی عدالت میں پیش ہوئے۔

آصف زرداری کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی، اسد عباسی ایڈووکیٹ نے کہا کہ آصف زرداری علیل ہیں،حاضری سے استثنیٰ دیا جائے، جس پر ڈپٹی پراسیکیوٹرجنرل نیب کی جانب سے استثنیٰ کی درخواست کی مخالفت کی۔

ڈپٹی پراسیکیوٹرجنرل نیب سردار مظفر نے کہا کہ ملزم کوعدالتی سمن کی تعمیل کراچکےہیں، سمن کی تعمیل کےباوجود ملزم عدالت سے غیر حاضر ہے ، ملزم نواز شریف کےناقابل ضمانت وارنٹ جاری کئےجائیں۔

سردار مظفر نے استدعا کی کہ نواز شریف کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے جبکہ آصف زرداری اور یوسف رضاگیلانی کو جوڈیشل ریمانڈ پرجیل بھیجاجائے، جس پر وکیل کی جانب سے آصف زرداری کا میڈیکل سرٹیفکیٹ عدالت میں جمع کرادیا گیا۔

توشہ خانہ ریفرنس میں نیب نے یوسف گیلانی اورعبدالغنی مجید کو گرفتار کرنے کی بھی استدعا کی اور بتایا کہ نواز شریف،آصف زرداری کو سمن انکی رہائش گاہوں پروصول کرائے اور انور مجیداسپتال میں زیر علاج ہیں وہاں سمن وصول نہیں کئے گئے۔

عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں نواز شریف کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کردیے اور آصف زرداری کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے جج نے کہا آصف زرداری کوصرف آج حاضری سے استثنیٰ دےرہاہوں، آئندہ سماعت پرآصف زرداری ہرصورت پیش ہوں۔

احتساب عدالت نے نیب کی یوسف رضا گیلانی اور عبدالغنی مجید کو گرفتار کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے نواز شریف،آصف زرداری، یوسف گیلانی کو 11جون کو ہرصورت پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

یاد رہے نیب نے کہا تھا کہ آصف زرداری،نوازشریف نےیوسف گیلانی سےغیرقانونی طورپرگاڑیاں حاصل کیں، آصف زرداری نےگاڑیوں کی صرف15فیصد ادائیگی جعلی اکاؤنٹس کےذریعے کی، آصف زرداری کوبطورصدرلیبیااوریواےای سےبھی گاڑیاں تحفےمیں ملیں، گاڑیاں توشہ خانہ میں جمع کرانےکے بجائےخوداستعمال کیں۔

نیب کا کہنا تھا کہ نوازشریف2008میں کسی بھی عہدےپرنہیں تھے،ان کو2008میں بغیرکوئی درخواست دیئےتوشہ خانےسےگاڑی دی گئی، گاڑیوں کی ادائیگی عبدالغنی مجید نے جعلی اکاؤنٹس سے کی، انور مجید نے انصاری شوگرملزکےاکاؤنٹس سے2کروڑسے زائد کی غیرقانونی ٹرانزیکشنز کیں اور آصف زرداری کےاکاؤنٹس میں بھی9.2ملین روپے ٹرانسفر کئے۔

نیب کے مطابق عبدالغنی مجیدنے37ملین روپےکسٹم کلیکٹراسلام آبادکوٹرانسفرکئے، ملزمان سیکشن نائن اےکی ذیلی دفعہ2، 4، 7اور12کےتحت کرپشن کےمرتکب ہوئے۔