طیارہ حادثہ کیس: شہدا کے لواحقین کو معاوضے کی ادائیگی شروع

  • May 29, 2020, 12:08 pm
  • Breaking News
  • 167 Views

کراچی: طیارہ حادثہ کیس میں شہدا کے لواحقین کو معاوضے کی ادائیگی شروع کر دی گئی ہے، پہلے مرحلے میں 36 افراد کو معاوضہ ادا کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ 36 افراد کو 10 لاکھ فی کس معاوضہ ادا کر دیا گیا ہے، بقیہ مسافروں کے ورثا کو بھی ایک دو دن میں معاوضہ ادا کر دیا جائے گا۔

لواحقین کی 15 فیملیز نے فی الوقت معاوضہ لینے سے انکار کر دیا ہے، انشورنس کی مد میں لواحقین کو فی کس 50 لاکھ روپے بھی ادا کیے جائیں گے، اس سلسلے میں 97 مسافروں میں سے57 افراد کی فہرست تیار کی گئی تھی۔

خیال رہے کہ معاوضہ طیارے میں شہید ہونے والے مسافروں کے لواحقین کو ادا کیا گیا ہے۔

گزشتہ روز کراچی میں پی آئی اے کے تباہ ہونے والے طیارے کے ملبے سے غیر ملکی کرنسی سمیت کروڑوں روپے برآمد ہوئے تھے، ملبے سے ملنے والے 3 کروڑ روپے رینجرز نے پی آئی اے حکام کے حوالے کر دیے تھے، ترجمان پی آئی اے کا کہنا تھا کہ مسافروں کے لواحقین آئے ہیں اور دعویٰ کیا ہے کہ یہ ان کی رقم ہے، جس کے بعد قانونی پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ 22 مئی کو کراچی ایئر پورٹ کے قریب ماڈل کالونی میں آبادی پر پی آئی اے کا ایک طیارہ گر کر تباہ ہو گیا تھا جس میں 97 مسافر جاں بحق ہو گئے تھے، جب کہ 2 مسافر معجزانہ طور پر بچ گئے تھے۔