ریلوے حکام کا یکم جون سے مزید 5 ٹرینیں بحال کرنے کا فیصلہ

  • May 30, 2020, 12:08 am
  • National News
  • 162 Views

اسلام آباد : ریلوے حکام نے یکم جون سے مزید پانچ ٹرینیں بحال کرنے کا فیصلہ کرلیا، وزارت ریلوے نے فیصلے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔

تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کی مہلک ترین وبا کا پھیلاؤ روکنے کےلیے گزشتہ دو ماہ سے لاک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث ٹرینوں کی آمد و رفت پر پابندی عائد کردی گئی تھی تاکہ لوگوں کے درمیان سماجی دوری برقرار رکھی جاسکے۔

ریلوے حکام کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ یکم جون سے مزید پانچ ٹرینیں بحال کردی جائیں گی جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ بحال ہونے والی ٹرینوں میں سرسید ایکسپریس، رحمان بابا ایکسپریس، ہزارہ ایکسپریس، کراچی ایکسپریس اور شالیمار ایکسپریس بھی شامل ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ٹرینیں کرونا ایس او پیز کے تحت چلائی جائیں گی، ٹرینوں کو 60 فیصد مسافروں کیساتھ آپریشن کی اجازت ہے۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے 18 مئی کو اعلان کیا تھا کہ 20 مئی سے ملک بھر میں ٹرینوں کی آمد و رفت کا سلسلہ دوبارہ شروع کردیا جائے گا۔

وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید نے کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایات پر 30 ٹرینوں کی آمد و رفت بحال ہوئی ہیں، ٹرینوں پر ایس اوپیز کا خیال رکھا جائے گا، ریلوے میں عمر کی کوئی قید نہیں ، سب سفر کرسکتے ہیں۔