‘لاک ڈاؤن میں پیٹرولیم مصنوعات میں 56روپے89 پیسے تک کی کمی، یہ ہوتی ہے عوام کی خدمت’

  • June 1, 2020, 1:50 pm
  • Business News
  • 168 Views

لاہور : وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہبازگل کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کےدوران پیٹرولیم مصنوعات میں 56روپے89پیسے فی لیٹر تک کمی کی گئی ، یہ ہوتی ہے عوام کی خدمت۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہبازگل نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا وزیراعظم کی ہدایت پر حکومت نےلاک ڈاؤن کےدوران قیمتوں میں کمی کی، لاک ڈاؤن کےدوران پیٹرولیم مصنوعات میں 56روپے89پیسےفی لیٹرتک کمی کی گئی، 2 ماہ میں پیٹرول37 روپے، ہائی اسپیڈ ڈیزل 42 روپےفی لیٹر سستا کیا جا چکا ہے،یہ ہوتی ہے عوام کی خدمت۔

یاد رہے گذشتہ روز حکومت نے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں مزید 7 روپے 6 پیسے کمی کا اعلان کیا، جس کے بعد نئی قیمت 74 روپے 52 پیسے فی لیٹر تک پہنچ گئی، وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق ڈیزل کی قیمت 5پیسے اضافے کےساتھ80روپے 15 پیسے جبکہ مٹی کےتیل کی قیمت گیارہ روپے 88 پیسے کمی کے بعد 35روپے 56 پیسے ہوگئی۔

اسی طرح لائٹ ڈیزل 9 روپے 37 پیسے فی لیٹر کم ہو کر 38 روپے 14 پیسے فی لیٹر ہوگیا۔

بعد ازاں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اعلان پر وزیراعظم نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ حکومت نےپیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزیدکمی کر دی ہے، پاکستان جنوبی ایشیا میں سب سےکم قیمت پر پٹرول فروخت کرنے والا ملک ہے، بھارت میں پیٹرول مصنوعات کی قیمتیں ہم سے2گنا زیادہ ہیں جب کہ بنگلادیش، سری لنکا اورنیپال میں قیمتیں 50سے75 فیصد زائد ہیں۔