کورونا کو ڈرامہ قرار کہنے والے مجھ سے سارا پیسہ لے لیں،میرا بیٹا واپس کر دیں

  • June 1, 2020, 4:59 pm
  • COVID-19
  • 236 Views

دو روز قبل ایم بی بی ایس کے آخری سال کے طالب علم سلمان طاہر کورونا وائرس کا شکار ہو کر جہان فانی سے کوچ کر گئے تھے۔ان کی والدہ ڈاکٹر شبنم طاہر کا کہنا تھا کہ میرا بیٹا سلمان طاہر بالکل صحت مند تھا۔آج کل جو باتیں کی جارہی ہیں کہ کورونا ان لوگوں کو زیادہ متاثر کرتا ہے جن میں پہلے سے بیماریاں ہوں ، یہ درست نہیں۔
سلمان طاہر ایک صحت مند نوجوان تھا اور اس کے ساتھ ساتھ وہ کھیل کی سرگرمیوں میں بھی حصہ لیتا تھا۔اس کے کئی خواب تھے،میرا بیٹا لاک ڈاؤن کے دوران بھی گھر میں رہا صرف ایک یا دو بار افطاری کے بعد گھر سے باہر نکلا،لیکن اس دوران بھی اس کی کسی ایسے شخص سے ملاقات نہیں ہوئی جس میں کورونا کی علامات پائی گئی ہوں۔
سلمان چاند رات کو دو گھنٹے کے لیے گھر سے باہر نکلا۔



اس وقت تک سلمان میں کورونا کی کوئی علامات نہیں تھی۔عید کی صبح نہیں اٹھا تو اس نے بتایا کہ مجھے سر میں درد ہو رہا ہے۔بچے کو بخار ہونے پر میں نے اسے آئسو لیٹ کر دیا۔اس کے بعد اس کی گردن بھی اکڑنے لگی، جس پر ہمیں گردن توڑ بخار کا شک ہوا۔رپورٹس میں گردن توڑ بخار کی تصدیق ہوئی۔اس کے بعد کورونا ٹیسٹ کیا گیا جو کہ مثبت آیا۔
اس کے بعد سلطان کی طبعیت خراب ہو گئی۔ کورونا کی وجہ سے انتقال کرنے والے نوجوان میڈیکل سٹوڈنٹ سلمان طاہر کی والدہ ڈاکٹر شبنم طاہر نے رو رو کر لوگوں سے اپیل کی کہ وہ کورونا وائرس کا سنجیدگی سے لیں۔ڈاکٹر شبنم طاہر کا کہنا ہے کہ میں جب پڑھتی ہوں کورونا ایک ڈرامہ ہے، کورونا کے بدلے پیسے ملتے ہیں، مجھ سے آج سب کچھ لے لیں میرا بیٹا واپس کر دیں۔ میرا خواب واپس کر دیں۔انہوں نے کہا کہ ایسی بات نہیں ہے کہ کورونا سازش ہے۔