قومی رابطہ کمیٹی کا صرف ہفتہ اور اتوار کو لاک ڈاؤن کا فیصلہ

  • June 1, 2020, 7:12 pm
  • Breaking News
  • 340 Views

قومی رابطہ کمیٹی نے ملک میں ہفتہ اور اتوار کو لاک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا، جمعہ کو بھی دکانیں کھلی رکھی جائیں گی، مارکیٹیں اور دکانیں کھولنے سے متعلق اوقات کار میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں لاک ڈاؤن میں نرمی اور پبلک ٹرانسپورٹ اور دکانیں کھولنے سے متعلق تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جمعہ کو بھی دکانیں کھلی رکھی جائیں، جبکہ لاک ڈاؤن صرف ہفتہ اور اتوار کو ہوا کرے گا۔ یعنی ہفتہ اور اتوار کو دکانیں اور مارکیٹس بند رکھی جائیں۔ مارکیٹیں اور دکانیں کھولنے سے متعلق اوقات کار میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔اسی طرح اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو فوری واپس لانے کا حکم جاری کردیا ہے۔
واضح رہے ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 2964 نئے کیسز، مزید 60 اموات رپورٹ ہوئی ہیں جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 72ہزار 460 ، اموات 1543 ہو گئی ہیں۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی کورونا وائرس سے متعلق تازہ ترین اپ ڈیٹ کے مطابق ملک میں کورونا کے ایکٹو کیسز کی تعداد 44 ہزار 834، تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 72ہزار 460 تک پہنچ گئی، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2964 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور 60 مزید اموات کے ساتھ مجموعی اموات 1543ہو گئی ہیں۔
این سی او سی کے مطابق سندھ میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ 28 ہزار245 کیسز رپورٹ ہوئے۔ پنجاب میں کیسز کی تعداد 26 ہزار 240 تک پہنچ گئی۔، خیبرپختونخوا میں کیسز کی تعداد 10 ہزار27 اور اسلام آباد میں 2589 ہو گئی۔ بلوچستان میں 4393، گلگت بلتستان میں 711کیسز رپورٹ ہوئے۔ آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد 255 ہو گئی۔ ملک بھر میں اب تک 26 ہزار 83 مریض مکمل طور پر صحت یاب ہو گئے۔
این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں میں60 اموات ہوئی ہیں۔ کورونا وائرس سے موت کے منہ میں جانے والے افراد کی تعداد 1543 تک پہنچ گئی جن میں سندھ میں 481، پنجاب میں 497، کے پی کے میں 473، گلگت بلتستان 11 ، آزاد جموں و کشمیر میں 6، اسلام آباد میں 28اور بلوچستان میں 47شامل ہیں۔ اب تک 5 لاکھ 61 ہزار 131 افراد کے کورونا وائرس کیلئے ٹیسٹ کئے گئے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 14ہزار 398افراد کے ٹیسٹ کئے گئے۔ ملک کے 727 ہسپتالوں میں 4776 مریض زیر علاج ہیں۔ 731کورونا متاثرین کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔