رواں سال حج کا انعقاد، عازمین کیلئے بڑی خبر آگئی

  • June 2, 2020, 4:13 pm
  • National News
  • 101 Views

اسلام آباد : وزارت مذہبی امور کے ذرایع کا کہنا ہے کہ رواں سال حج سےمتعلق فیصلہ 15جون تک متوقع ہے ، حج کے حوالے سےتجاویز پرغور جاری ہے، جس میں حج کوٹہ 80فیصد کم ہونے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق رواں سال حج کوٹہ 80فیصد کم ہونے کا امکان ہے ، حج سےمتعلق سعودی حکومت کا مختلف تجاویزپرغور جاری ہے تاہم سعودی عرب حتمی پالیسی اجرا سے قبل مسلم ممالک سے مشاورت کرے گا۔

ذرائع وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ رواں سال حج سےمتعلق فیصلہ15جون تک متوقع ہے ، حج کے حوالے سے زیر غور تجاویز میں تمام بڑے ممالک کا 80 فیصد کوٹہ ختم کرنا شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق تمام ممالک سےصرف وفود کو حج کی دعوت دینے اور حج کی سعادت صرف سعودی عرب میں رہنے والوں کو دینے کی تجاوز بھی زیر غور ہیں۔

یاد رہے سعودی وزارت حج وعمرہ ڈاکٹر محمد صالح بن طاہر بنتن نے کہا تھا کہ سعودی وزارت حاجیوں کی خدمات کیلئےپرعزم ہیں اور حاجیوں کی حفاظت، سہولتوں کی فراہمی ترجیحات میں شامل ہیں۔

ڈاکٹر محمد صالح بن طاہر بنتن کا کہنا تھا کہ ہماری درخواست ہے اس سال حج سے متعلق کوئی بھی نیا معاہدہ نہ کیا جائے ، معاہدے اس وقت تک نہ کئےجائیں جب تک وبا کا راستہ واضح نہ ہو، سعودی حکومت کوروناوائرس پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔

سعودی وزیرمذہبی امور نے کہا تھا کہ سعودی حکومت حج پر یقینی بنانے کیلئےکوشاں ہے کہ کوئی نقصان نہ ہو، حج میں عوام کے اجتماع سے کورونا وائرس کے پھیلاؤکا خدشہ ہے ، وائرس کاپھیلاؤروکنے کے لئے اعلیٰ احتیاطی تدابیر اپنائی جاسکتی ہیں۔

خیال رہے سعودی عرب نے پاکستان کوحج معاہدوں سےروک دیا تھا، سعودی حکومت کی جانب سے مراسلے میں کہا گیا تھا کہ کورونا وائرس کےخدشات کے پیش نظر حج معاہدہ نہ کریں، سعودی حکومت صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہے، صورتحال بہتر ہوتے ہی آگاہ کریں گے۔