رانا ثنا کی گاڑی پولیس نے روک لی، تلاشی دینے سے انکار

  • June 3, 2020, 11:23 am
  • Breaking News
  • 205 Views

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ کی گاڑی کو پولیس نے ریگل چوک پر روک لیا، تاہم انھوں نے تلاشی دینے سے انکار کر دیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثنا کی گاڑی کو آج ریگل چوک لاہور پر پولیس نے روک لیا، پولیس کا کہنا تھا کہ گاڑی کی تلاشی لینے کے بعد ہی آگے جانے دیا جائے گا۔

تاہم رانا ثنا اللہ نے کہا کہ جب تک میڈیا نہیں آئے گا گاڑی کی تلاشی نہیں دوں گا۔ ان کا مؤقف تھا کہ وہ گاڑی کی تلاشی صرف میڈیا کی موجودگی ہی میں دیں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس یکم جولائی کو اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے فیصل آباد کے قریب ایک خفیہ کارروائی کے دوران رانا ثنا کی گاڑی سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کی تھی، گاڑی سے برآمد منشیات میں ہیروئن شامل تھی جس کے بعد انھیں گرفتار کر لیا گیا تھا۔

بعد ازاں 26 دسمبر کو لاہور ہائی کورٹ نے رانا ثنا کو منشیات برآمدگی کیس میں ضمانت پر رہا کر دیا تھا، وہ اس کیس کے دوران اس بات پر بہ ضد رہے کہ ان کی گاڑی سے منشیات برآمدگی کی ویڈیو دکھائی جائے۔ رانا ثنا کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس بھی نیب میں چل رہا ہے، جس میں انھوں نے عبوری ضمانت کرائی تھی۔

آج ریگل چوک پر تلاشی کے لیے روکے جانے پر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پولیس نے مجھے ناکے پر ریگل چوک پر روک لیا اور کہا کہ میں پہلے گاڑی کی تلاشی دوں، لیکن میں نے کہا جب تک میڈیا نہیں آئے گا گاڑی کی تلاشی نہیں دوں گا، کیا پتا پولیس کے پاس ہیروئن کا تھیلا ہو پہلے پولیس اپنی تلاشی دے۔

رانا ثنا نے کہا پہلے بھی مجھے روک کر گاڑی سے ہیروئن برآمد کرائی گئی تھی، گارڈ، ڈرائیور اور میں گاڑی میں موجود ہوں، گاڑی کے باہر سول کپڑوں میں بہت سے لوگ موجود ہیں، ریگل چوک پر کوئی اعلیٰ عہدیدار بھی موجود نہیں ہے، مجھ سے کوئی رابطہ کرے گا تو صورت حال بتاؤں گا۔