امریکی خاتون سنتھیا رچی نے پیپلزپارٹی قیادت پر مزید الزامات عائد کردیے

  • June 7, 2020, 11:41 pm
  • National News
  • 137 Views

امریکی خاتون سنتھیا رچی نے پیپلزپارٹی کی قیادت پر مزید الزامات عائد کردیے، انہوں نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی نے نامناسب طریقے سے گلے ملنے کی کوشش کی، مخدوم شہاب نے کندھے پر مساج کی کوشش کی،رحمان ملک نے نشہ آور مشروب پلانے کے بعد زیادتی کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں مزید الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ رحمان ملک نے ویزے کا مسئلہ حل کرنے کا کہہ کربلوایا تھا۔
وہاں پر رحمان ملک نے مجھے نشہ آور مشروب پلایا۔ رحمان ملک نے نشہ آور مشروب پلانے کے بعد زیادتی کا نشانہ بنایا۔ سنتھیا رچی نے الزامات کے حق میں مزید تفصیلات پیش کرتے ہوئے کہا کہ یوسف رضا گیلانی نے نامناسب طریقے سے گلے ملنا چاہا۔ جبکہ مخدوم شہاب نے کندھے پر مساج کی کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ عدالت میں تحقیقات کا سامنا کرنے کو تیار ہوں۔

سنتھیا رچی نے کہا کہ بےنظیر کا احترام کرتی ہوں۔ بےنظیرسے متعلق معلومات پیپلزپارٹی کے سینئیر لوگوں نے دیں۔ دوسری جانب پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماء اور سابق وزیر داخلہ رحمان ملک نے اپنے بیان میں الزام عائد کیا ہے کہ بینظیر بھٹو شہید کیخلاف نازیبا الزامات پر بطور چیئرمین سینیٹ قائمہ کمیٹی داخلہ نوٹس لیا۔ نوٹس کے ردعمل میں پر مجھ پر نازیبا، من گھڑت اور جھوٹے الزامات لگائے گئے۔
بطور کمیٹی چیئرمین سخت اقدامات لینے پر میری کردار کشی شروع کی گئی۔ حکومت کیخلاف سخت بیانات پرمجھے قید اورقتل کرنے کی دھمکیاں بھی ملی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اوچھے ہتھکنڈوں سے ڈرنے والا نہیں۔ ماضی میں بھی موت کا سیل دیکھ چکا ہوں۔ واضح رہے امریکی شہری خاتون سنتھیا رچی نے سوشل میڈیا پر پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کے خلاف الزامات کی بوچھاڑکی۔
انہوں نے سابق وزیر داخلہ رحمان ملک پر جنسی زیادتی جبکہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور سابق وفاقی وزیر مخدوم شہاب الدین پر دست درازی کا الزام عائد کیا تھا۔سنتھیا رچی نے سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کے حوالے سے بھی متنازع اور نامناسب ٹوئٹ کی تھیں۔ امریکی خاتون کے الزامات پر پیپلز پارٹی نے قانونی چارہ جوئی کیلئے عدالت سے بھی رجوع کیا ہے جس پر سنتھیا کو 9 جون کو جسٹس آف پیس کے سامنے پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے اس حوالے سے امریکی خاتون نے وکیل سے مشورے شروع کر دیئے ہیں۔