چین نے عالمی عوام کی بھلائی کیلئے بلاتفریق کورونا ویکسین پوری دنیا کو دینے کا اعلان کردیا

  • June 7, 2020, 11:42 pm
  • COVID-19
  • 266 Views

چین نے عالمی عوام کی بھلائی کیلئے بلاتفریق کورونا ویکسین پوری دنیا کو دینے کا اعلان کردیا، چین کے وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی وان زی گینگ نے اعلان کیا ہے کہ اگر چین کورونا ویکسین بنانے میں کامیاب ہوجاتا ہے تو پوری دنیا کی عوام کو ویکسین فراہم کر کے دوسرے ممالک کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط بنائیں گے۔
وان زی گانگ نے ایک نیوز کانفرنس کے دوران کہا ہے کہ چین کورونا وائرس کی ویکسین دریافت کرنے لیے انتھک کوششیں کر رہا ہے اور چین یہ چاہتا ہے کہ اگر وہ ویکسین دریافت کرنے میں کامیاب ہوجائے تو وہ اسے صرف خود تک محدود نہیں رکھے گا اور نہ ہی مخصوص ممالک کو ویکسین فراہم کی جائے گی بلکہ یہ ویکسین عالمی عوام کی بھلائی کیلئے سب کو دی جائے گی۔
سائنس و ٹیکنالوجی کے وزیر نے کہا کہ اس طرح چین دنیا میں اپنے تعلقات کو مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے۔ خیال رہے کہ چین کے شہر ووہان سے شروع ہونے والی کورونا وباء پوری دنیا میں پھیلی ہوئی ہے اور اسکی ویکسین دریافت کرنے کیلئے کوششیں کی جارہی ہیں۔ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 69 لاکھ 76 ہزار 45 ہو گئی جبکہ اس سے ہلاکتیں 4 لاکھ 2 ہزار 170 ریکارڈ کی گئی ہیں۔
کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 31 لاکھ 62 ہزار 87 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 53 ہزار 586 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 34 لاکھ 11 ہزار 788 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ امریکی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق امریکا تاحال کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں ناصرف کورونا مریض بلکہ اس سے ہلاکتیں بھی اب تک دنیا کے تمام ممالک میں سب سے زیادہ ہیں۔
امریکا میں کورونا وائرس سے اب تک 1 لاکھ 12 ہزار 96 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 19 لاکھ 88 ہزار 544 ہو چکی ہے۔ امریکا کے اسپتالوں اور قرنطینہ مراکز میں 11 لاکھ 24 ہزار 554 کورونا مریض زیرِ علاج ہیں جن میں سے 17 ہزار 21 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 7 لاکھ 51 ہزار 894 کورونا مریض اب تک شفایاب ہو چکے ہیں۔