نیوزی لینڈ میں کورونا کی وبا ختم، وائرس سے متاثرہ آخری مریض بھی صحت یاب ہوگیا

  • June 8, 2020, 4:45 pm
  • COVID-19
  • 143 Views

نیوزی لینڈ میں کورونا کی وبا ختم ہوگئی ہے۔کورونا وائرس سے متاثرہ آخری مریض بھی صحت یاب ہوگیا ہے۔تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کی حکومت نے ملک کو کورونا فری قرار دیکر پابندی اٹھانے کا اعلان کر دیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق نیوزی لینڈ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ملک میں کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے دنیا کا سب سے سخت لاک ڈاؤن کا آغاز کیا گیا تھا جس کی وجہ سے ملک میں کچھ وقت سے کورونا کا کوئی ٹیسٹ رپورٹ نہیں ہوا جبکہ آخری کیس 22 مئی کو رپورٹ کیا گیا تھا۔
نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جسینڈا آرڈرن نے اپنے ملک میں کورونا کی روک تھام کے لیے نافذ کی جانے والی پابندیوں کو آج رات سے مکمل طور پر ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ میں کورونا کی روک تھام کے لیے 75 روز قبل سخت لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا تھا لیکن اب عالمگیر وبا کے درمیان ملک میں زندگی عام معمولات کی طرح محسوس ہو رہی ہے۔

وزیراعظم جیسنڈا نے اعلان کیا ہے کہ آج کابینہ کی اجازت کے بعد ملک کو لیول ون کی طرف لے جا رہے ہیں۔کرونا کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے اس دوران بین الاقوامی سرحد بند رہیں گی۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ اس بات سے کسی کو انکار نہیں کہ ہم نے ایک سنگ میل عبور کیا ہے جس کے لیے عوام کی شکر گزار ہوں۔واضح رہے کہ نیوزی لینڈ میں کورونا کے کل 1504 کیسز سامنے آئے اور 22 ہلاکتیں ہوئیں۔
کیوی وزیراعظم جسینڈا آرڈرن کو کورونا وائرس کے خلاف بروقت اقدامات کے حوالے سے دنیا بھر میں سراہا گیا ہے،نیوزی لینڈ جیسا ملک جس کی آبادی 50 لاکھ کے قریب ہے، وہاں کورونا وائرس سے صرف 22 اموات ہوئی ہیں جو کہ باقی ممالک کے مقابلے میں بہت کم ہیں۔ حالیہ سروے میں یہ بات بھی سامنے آئی تھی کہ جسینڈا آرڈرن ایک صدی کے دوران نیوزی لیںڈ کی سب سے مقبول وزیراعظم قرار دی گئی ہیں۔