دورہ افغانستان،آرمی چیف کی صدر اشرف غنی سے ملاقات

  • June 9, 2020, 3:15 pm
  • Breaking News
  • 123 Views

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ایک روزہ دورے پر افغانستان پہنچے ہیں۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کی ہے جس میں افغان امن عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ملاقات میں دو طرفہ تعلقات پر بات چیت کی گئی۔ملاقات میں امن و امان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی آرمی چیف کے ہمراہ کابل کا دورہ کر رہے ہیں۔
پاکستان کے افغانستان کے لیے نمائندہ خصوصی محمد صادق بھی ملاقات میں شریک تھے۔اس ملاقات کا پس منظر افغان مفاہمتی عمل ہے جو اگلے مرحلے میں داخل ہونے والا ہے۔افغانستان پاکستان ایکشن پلان پر بھی بات چیت کی گئی ہے۔دونوں ممالک کی سرحد پر آہنی باڑ اور باڈر کے معاملات پر بھی بات چیت کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز پاکستان اور امریکہ نے افغانستان میں امن سے خطے کی سلامتی اور ترقی کو آگے بڑھانے کیلئے اتفاق کیا ۔
امریکی سفارتخانے کے اعلامیہ کے مطابق امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد نے 7 جون کو اسلام آباد کا دورہ کیا،زلمے خلیل زاد نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی ۔ امریکی سفارتخانے کے مطابق ملاقات میں سفیر زلمے خلیل زاد نے انٹرا افغان مذاکرات کے آغاز کے لئے درکار اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔امریکی سفارتخانہ کے مطابق قیدیوں کی رہائی کے عمل کو تیز کرنے سمیت دیگر پہلووں کا جائزہ لیا گیا،زلمے خلیل زاد نے وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف کی افغانستان میں امن کی حمایت کے کردار کی تعریف کی۔ امریکی سفارتخانے کے مطابق دونوں فریقین نے افغانستان میں امن سے خطے کی سلامتی اور ترقی کو آگے بڑھانے کیلئے اتفاق رائے کیا۔