شعیب اختر کو غصہ دلانے کی بات بابر نہ بھول پائے

  • June 11, 2020, 2:28 pm
  • Sports News
  • 215 Views

لاہور: بابر اعظم سابق پیسر شعیب اختر کو غصہ دلانے کی بات نہ بھول پائے۔

ایک بھارتی ویب سائٹ کو انٹرویو میں بابر اعظم نے کہاکہ اے ٹیم کا تربیتی کیمپ جاری اور پریکٹس کیلیے مجھ سمیت انڈر 15 کرکٹرز کو بھی بلایا جاتا تھا، شعیب اختر بھی اکثر وہاں آ جایا کرتے تھے، انھوں نے بولنگ سے قبل کہا کہ بچے ڈرائیو نہیں کرنا صرف گیند کو روکنا ہے، میں نے 2 گیندیں آرام سے کھیلیں، تیسری پر ڈرائیو شاٹ کھیل دیا، ایک نہیں کئی بار ایسا کیا۔

شعیب اختر اشتعال میں آئے اور نئی گیند منگوالی، اس وقت وہاں موجود مدثر نذر نے کہا کہ بابر اعظم نیٹ سے باہر نکل جاؤ ورنہ یہ تمہیں مار ڈالے گا اور انہوں نے مجھے ایک طرف کردیا۔
قومی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ بچپن میں کوچ ماما جونا نے کہا تھا کہ بطور اوپنر اننگز کی پہلی اور آخری گیند کھیلنے کا عزم لے کر میدان میں اترا کرو، ان کے کہنے کا مقصد یہ تھا کہ50 اوورز میں نئی، پرانی گیند، پیسرز اور اسپنرز سب کو ذمہ داری کے ساتھ کھیلو، یہ بات میں نے ذہن نشین کر لی۔

انہوں نے کہا کہ میں کبھی جونیئر سطح سے قومی ٹیم میں شمولیت اور اس کے بعد بھی اپنی بیٹنگ سے مطمئن نہیں ہوتا، کسی منزل کو آخری نہیں سمجھا اور بڑے اہداف پر نظر رکھتا ہوں، ویرات کوہلی سے موازنہ کیا جاتا ہے لیکن ابھی مجھے بہت کچھ کرنا ہے،میں بھارتی کپتان کی طرح پرفارم کرتے ہوئے پاکستان کو میچز جتوانا چاہتا ہوں، ریکارڈز سے زیادہ اہمیت اس بات کی ہے کہ قومی ٹیم کے لیے کارکردگی دکھاؤں اور اپنی قوم کو خوشیاں دوں۔