پاکستان میں گدھوں کی تعداد 55لاکھ ہوگئی

  • June 12, 2020, 12:33 pm
  • Entertainment News
  • 147 Views

اسلام آباد : پاکستان کے اقتصادی جائزے کے مطابق سال 2020-2019 میں ملک میں گدھوں کی آبادی میں ایک لاکھ کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جانوروں کی آبادی میں مجموعی طور 55 لاکھ کا اضافہ ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں مالی سال 2019-20 میں جہاں حکومت کو بجٹ اہداف میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے اور مجموعی طور پر شرح نمو میں کمی آئی ہے، وہیں لائیو اسٹاک کے شعبے میں دو اعشاریہ پانچ فیصد اضافہ ہوا ہے۔

اقتصادی سروے برائے مالی سال 2020-2019 کی رپورٹ میں ملک کے اندر مویشیوں کی تعداد سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا گیا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں جانوروں کی آبادی میں 55 لاکھ کا اضافہ ہوا ہے، لائیو اسٹاک کے زمرے میں آنے والے جانوروں کی تعداد 20 کروڑ 74 لاکھ ہو چکی ہے۔ گذشتہ سال تک یہ تعداد 20 کروڑ 19 لاکھ تھی۔

اقتصادی سروے رپورٹ کے مطابق پاکستان میں گدھوں کی تعداد میں ایک لاکھ کا اضافہ ہوا ہے اور یہ 54 سے بڑھ کر 55 لاکھ ہوگئی جبکہ ایک سال میں بھینسوں کی تعداد میں 12 لاکھ کا اضافہ ہوا، بھینسوں کی تعداد 4 کروڑ سے بڑھ کر 4 کروڑ 12 لاکھ ہو گئی۔

رپورٹ کے مطابق بھیڑوں کی تعداد میں 3 لاکھ کا اضافہ ہوا اور 3 کروڑ 9 لاکھ سے بڑھ 3 کروڑ 12 لاکھ ہوگئی۔ 21 لاکھ کے اضافے کے ساتھ بکریوں کی تعداد 7 کروڑ 61 لاکھ سے بڑھ کر 7 کروڑ 82 لاکھ ہوگئی۔

اقتصادی سروے میں بتایا گیا ہے کہ ایک سال میں مویشیوں کی مجموعی تعداد میں 18 لاکھ کا اضافہ ہوا۔مویشیوں کی تعداد 4 کروڑ 78لاکھ سے بڑھ کر 4 کروڑ 96 لاکھ ہوگئی۔